ملتان؛35ویں مڈ کیریئر  منیجمنٹ کورس کے وفد کا جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا دورہ

6

ملتان، 06 دسمبر(اے پی پی ): نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ اسلام آباد کے 35ویں مڈ کیریئر  منیجمنٹ کورس کے سینئر افسران کے وفد نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سیکرٹری سروسرز ساوتھ پنجاب نوشین ملک  سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت ڈائریکٹر نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ مسعود احمد کررہے تھے۔

سیکرٹری سروسز ساوتھ پنجاب نوشین ملک نے اس موقع پر وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اس خطے کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کررہا ہے اور حکومت پنجاب کی جانب سے  الگ ترقیاتی بجٹ مختص ہونےسے تعمیروترقی کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب کو آبادی کے تناسب کے مقابلے میں زیادہ ترقیاتی فنڈز دئے جارہے ہیں اور رواں مالی سال میں ترقیاتی منصوبوں پر237 ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔

سیکرٹری نوشین ملک نے بتایا کہ تعلیم، صحت، زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں ترقی حکومت کا اولین ٹارگٹ ہے اور شرح غربت میں کمی لانا اور عوام کے معیار زندگی بلند کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب کا ذرخیز خطہ پورے ملک کی خوراک کی ضروریات پوری کرسکتا ہے اور فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لئے بھر پور کوششیں کہ جارہی ہیں۔

نوشین ملک نے بتایا کہ محکمہ تعلیم میں سکولمپکس کا انعقاد اور سٹوڈنٹس کونسل کا قیام ایک قابل فخر اقدام ہے جبکہ محکمہ تعلیم جنوبی پنجاب کو پاکستان کےپہلے  ٹرانسجینڈر سکول قائم کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔انہوں نے بتایا کہ صحت کے شعبے میں مانیٹرنگ کی وجہ سے دیہی علاقوں میں  سروس ڈیلیوری میں بہتری آئی ہے۔اسی طرح لائیو سٹاک اور فشریز کے شعبوں کی ترقی کے لئے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے اور ڈی جی خان ڈویژن میں رودکوہیوں پر منی ڈیم تعمیرکرنے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے۔انہوں نے  بتایا کہ محکمہ صنعت، سوشل ویلفئیر، لیبر اور دیگر ڈیپارٹنمنٹ کو مرحلہ وار جنوبی پنجاب منتقل کیا جائے گا۔

سیکرٹری سروسز نوشین ملک نے بریفنگ میں مزید بتایا کہ جنوبی پنجاب کی آبادی3کروڑ 47 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے اور ل 23 فیصد آبادی شہروں پر مشتمل ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنوبی پنجاب کی 58 فیصد آبادی زراعت، 24فیصد سروسز اور 18 فیصد صنعت سے وابستہ ہے۔جنوبی پنجاب میں 40 ہزار939 صنعتی یونٹ کام کررہے ہیں۔

اس موقع پر سوال جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا اور وفدکے اراکین کی  جانب سے پبلک سروس ڈیلیوری بارے سوالات کئے گئے۔

وفد نے سیکرٹری سروسز نوشین ملک کو سوئنیر پیش کیا جبکہ سیکرٹری سروسز نوشین ملک نے وفد کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔وفد کے تمام اراکین کو ملتانی شال اور ملتانی کاشی گری پر مشتمل کپ بھی پیش کیا گیا۔

ایڈیشنل سیکرٹری محمدفاروق ڈوگر اور ڈپٹی سیکرٹریز علی عاطف بُٹر اور  عبدالصبور ٹھاکر بھی ملاقات میں موجود تھے۔