اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):وفاقی وز یر اقتصادی امور سردار ایاز صادق کی زیر صدارت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بین الاقوامی امدادکی سرگرمیوں کے حوالے سے سٹیئرنگ کمیٹی برائے رابطہ کا چھٹا اجلاس جمعرات کومنعقد ہوا۔اجلاس میں ترقیاتی شراکت داروں کو سیلاب سے بچاؤ اور امدادی سرگرمیوں، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خوراک کی صورتحال اور موسمیاتی لحاظ سے موزوں بحالی وتعمیر نو کے لئے مالی وسائل کو متحرک کرنے کے لیے ڈونرز کانفرنس کی تیاری کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) کے کنٹری ڈائریکٹر کرس کائے نے سٹیئرنگ کمیٹی کو خوراک کی صورتحال پر بریفنگ دی اور ترقیاتی شراکت داروں پر زوردیا کہ وہ انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر امداد کیلئے آگے بڑھے۔سردارایازصادق نے شرکاء سے بحالی اور تعمیر نو کے لیے پیش رفت کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔اجلاس کے دوران کمیٹی کے ارکان نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اورکئی تجاویز دیں۔سیکرٹری برائے وزارت اقتصادی امور نے اجلاس کے اختتام پر ترقیاتی شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا۔