وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے لاہور میں فلم پروڈکشن سینٹر اینڈ کمپلیکس کے قیام کا اعلان خوش آئند ہے؛آصف بلال لودھی

9

لاہور،27دسمبر  (اے پی پی): سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب آصف بلال لودھی  نے  کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے لاہور میں فقید المثال فلم پروڈکشن سینٹر اینڈ کمپلیکس کے قیام کا اعلان خوش آئند ہے۔

 ان خیالات کا اظہار سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب آصف بلال لودھی نے منگل  کو الحمرا کلچرل کمپلیکس میں فلم پروڈکشن سینٹر اور کمپلیکس کے قیام کے لیے زمین کے انتخاب اور تعمیراتی کام کے آغاز کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹریز کلچر اور ایڈمن کے علاہ پاکستان کے معروف فلمساز اور پروڈیوسر سید نور اور چیئرمین پنجاب سینسر بورڈ چوہدری گل زمان نے خصوصی شرکت کی۔

سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب آصف بلال لودھی نے کہا کہ فلم ابلاغ عامہ کا ایک طاقتور ذریعہ ہے،فلم محض تفریح تک محدود رکھنا خود اس میڈیم کے ساتھ زیادتی ہے، فلمیں بیک وقت ہماری ثقافت اقدار، معاشرت یہاں تک کے ہماری سیاسی، معاشی و جغرافیائی حالات تک کی عکاسی کر رہی ہوتی ہیں، اس لیے فلم کو نا صرف اپنی نسلوں کی تربیت اور کردار سازی کا ذریعہ بنایا جا سکتا ہے بلکہ فلم کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر ملک و ملت کے سافٹ امیج کی ہمواری کا بھی کام لیا جا سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت فلمسازی کی صنعت کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولت مہیا کرنے کے لیے تیار ہے۔

سیکرٹری اطلاعات و ثقافت نے فنون لطیفہ کے فروغ کیلئے وزیر اعلی کے خصوصی اقدامات کو سراہتے ہوئے سید نور کے توسط سے فلمسازوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی فلموں کو نوجوانوں کی اخلاقی و معاشرتی تربیت کا ذریعہ بنائیں انہیں اپنی اقدار سے محبت کرناسکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ثقافت کی بے جا تشہیر کی بجائے مقامی ثقافت کے تحفظ پر توجہ دیں، ہمارے لباس ہمارے الفاظ ہماری تہذیب ہماری ثقافت کے آ ئینہ دار ہیں، مقابل تہذیبوں کا اثر قبول کر کے انہیں اپنے کلچر کا حصہ بنا لینا ہم سے ہماری پہچان چھین لے گا، فلمساز اپنی فلموں کے ذریعے بحیثیت قوم اپنے ذاتی تشخص کی بحالی کو یقینی بنائیں۔

صوبائی سیکرٹری نے ایڈیشنل سیکرٹری کلچر کو ہدایت کی کہ وہ سید نور صاحب کی رہنمائی میں کمپلیکس کے لیے موزوں لوکیشن اور عمارت کی تعمیراتی ڈیزائن کی تیاری پر کام کا آغاز کریں۔ اجلاس میں کمپلیکس کی لوکیشن کے انتخاب کے حوالے سے مختلف تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔