پاکستان علماء کونسل نے علماء و مشائخ سے یوم انسداد سود کے عنوان پر خطبات جمعہ کی اپیل کی ہے ، حافظ محمد طاہر اشرفی

22

اسلام آباد۔1دسمبر  (اے پی پی):نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ اور  پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان علماء کونسل نے ملک بھر کے تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ سے (کل) جمعہ کو یوم انسداد سود کے عنوان پر خطبات جمعہ کی اپیل کی ہے ۔ جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے سودی نظام کے خاتمہ کیلئے مثبت سمت قدم اٹھانے کا اعلان کر کے ملک و قوم کی ترجمانی کی ہے ، امید کرتے ہیں کہ سود کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات موثر انداز میں کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی تمام مذہبی وسیاسی جماعتوں کو عدم برداشت کے مسائل سے نمٹنے کیلئے مل بیٹھنا چاہئے ۔  انہوں نے کہا کہ عدم برداشت، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے مسائل سے موثر طور پر نمٹنے کے لئے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو مل بیٹھنا چاہئے۔انہوں نے سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کے خلاف بہتان تراشی کی مہم پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کے پیچھے ملک کے دشمن ہیں۔طاہر اشرفی نے حکومت کی جانب سے بلاسود بینکاری نظام متعارف کرانے کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ علمائے کرام اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بینکوں کو بھی سود سے پاک نظام کے نفاذ میں آگے بڑھنا چاہئے۔ اس موقع پر مولانا نعمان حاشر ، مولانا طاہر عقیل اعوان ، مولانا ابو بکر حمید صابری ، مولانا قاسم قاسمی، مولانا نائب خان ، مولانا ذوالفقار ، صاحبزاد حافظ ثاقب منیر اور دیگر بھی موجود تھے ۔