اسلام آباد، 04 دسمبر (اےپی پی): کوثر کالج برائے خواتین میں تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا جس میں بچوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی شاندار کارکردگی کو سراہنے کے لیے تحائف و انعامات تقسیم کیے گئے۔ یہ تقریب موجودہ اور سابقہ بچوں کے لیے یادگار تقریب تھی جہاں فیڈرل بورڈ اور کیمبریج میں امتیازی نمبرز لینے والی ہونہار طالبات کی حوصلہ افزائی کی گئی۔
گزشتہ سال کوثر کالج کی طرف سے فیڈرل بورڈ کے سالانہ امتحانات میں کل 34 بچیوں نے 80 فیصد سے زیادہ نمبر لے کر کالج کا نام روشن کیا۔ دسویں جماعت سے دیا زہرا نے 96 فیصد نمبر کے کر پہلی پوزیشن حاصل کی، بارہویں جماعت سائنس گروپ میں عابدہ بتول نے 94 فیصد اور آرٹس گروپ میں طوبیٰ زہرا نے 80 فیصد نمبرز لے کر ٹاپ کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ کیمبرج امتحانات میں تین بچیوں نے اے سٹار اور اے حاصل کیے۔جن میں فاطمہ بتول نے 3 اے سٹار اور دو ایز حاصل کر کے پہلی پوزیشن لی۔
اس موقع پہ بچوں کے والدین کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی ۔ والدین اور طلبہ نے کالج کے منفرد نظام تربیت کو بھی سراہا کہ جہاں دینی و دنیاوی دونوں علوم سے روشناس کروایا جاتا ہے اور بچوں کو یہ شعور دیا جاتا ہے کہ وہ کالج سے جانے کے بعد بھی اپنی زندگیاں اسلام کے مطابق ڈھال سکیں۔
تقریب میں مفسر قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی، بریگیڈئیر غلام علی، پرنسپل اسوہ کالج، ڈاکٹر مختار رضا چنائے، معروف اینکر پرسنز ثمر عباس اور امیر عباس نے شرکت کی۔