گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے آئی جی  پنجاب عامر ذوالفقار کی ملاقات

33

لاہور،28دسمبر  (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گورنر ہائوس لاہور میں نئے تعینات ہونے انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب عامر ذوالفقار نے ملاقات کی۔ملاقا ت میں صوبے میں امن و امان کو یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے عامر ذوالفقار کو عہدہ سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن  نے کہا کہ امن و امان کا قیام اور عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی ترجیحات میں ہے۔انہوں نے آئی جی پنجاب کو تاکید کی کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے اور جرائم کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات اٹھائے۔

 گورنر پنجاب نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ آپ کی سربراہی میں پنجاب پولیس پیشہ ورانہ فرائض بہتر طریقے سے ادا کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ تھانہ کلچر تبدیل ہونا چاہیئے اور پولیس کو حقیقی معنوں میں عوام کا مدد گار ہونا چاہئے۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب عامر ذوالفقار نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کا قیام ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے پیش نظر صوبے میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔