شکر گڑھ،24جنوری(اے پی پی): امریکی قونصل خانے کے وفد نے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی قیادت میں دربار بابا گورونانک کرتارپور کا دورہ کیا، سکھ رہنماؤں اور اسسٹنٹ کمشنر شکر گڑھ نے امریکی قونصل خانے کے وفد کا استقبال کیا۔
ڈونلڈ بلوم کی قیادت میں آنے والے امریکی قونصل خانے کا وفد سخت سیکیورٹی میں کرتارپور دربار بابا گورو نانک پہنچا ۔ مقامی انتظامیہ نے درشن ڈیوڑھی کی چوکھٹ پر مہمانوں کا استقبال کیا اور پھولوں کے ہار پہنائے ۔ میٹنگ ہال میں راہداری منصوبے پر دستاویزی ڈاکومینٹری دکھائی گئی اور دربار کمپلکس کا دورہ کرایا۔وفد نے کرتارپور راہداری کو اقلیتوں کے حقوق کا ضامن قرار دیا اور پاکستان میں اقلیتوں کو حاصل حقوق کو سراہا ۔
امریکی سفارت خانے کے وفد نے یاتریوں کے ساتھ لنگر بھی کھایا ، پاک بھارت سرحد زیرو پوائنٹ پر یاد گاری تصویریں بھی بنوائیں اور بہترین مہمان نوازی اور انتظامات پر حکومت پاکستان اور دربار انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا-











