خیرپور،14جنوری(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شرجیل نور چنہ نے ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور روٹری کلب ڈیٹس ویلی کے مشترکہ تعاون سے انسداد پولیو مہم کا افتتاح خیرپور میڈیکل کالج سول اسپتال میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر کیا۔
اس موقع پر ڈی ایچ اوڈاکٹررحمت اللہ سولنگی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس مہم کے دوران نوزائیدہ بچوں سے لے کر 5 سال تک کے بچوں کو پولیو سے قطرے پلائے جائیں گے تاکہ ہم اپنے بچوں کو اس موضی مرض سے محفوظ رکھ سکیں۔انہوں نے کہا کہ تمام والدین اس مہم سے مستفید ہوتے ہوئے ٹیموں سے مکمل تعاون کریں اور اپنے بچوں کو قطرے پلانے کے عمل کو یقینی بنائیں۔انہوں نے بتایا کہ مہم کے لیے 537897 بچوں کو ہدف مقرر کیا گیا جس میں 1618 موبائل ٹیمیں، 76 ٹرانزٹ پوائنٹ، 161 فکسڈ پوائنٹ، 1554 لیڈی ہیلتھ ورکرز شامل کیا گیا جس کے لیے ٹیموں کی تربیت اور تیاری مکمل کی جاچکی ہے۔مہم 16 جنوری تا20 جنوری تک جاری رہے گی۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سید کبیر محمد شاہ، ایم ایس ڈاکٹر اعجاز سموں،روٹری کلب ڈیٹس ویلی کے رضوان احمد، خیر محمد خمیسانی، شجاعت احمد صدیقی، ڈاکٹر پریل جوکھیو،پی پی ایچ آئی، ڈبلیو ایچ او، پولیس، ڈی پی سی آر، ٹی ایچ اوز، ہیلتھ پارٹنر اور دیگرموجود تھے۔