دینی مدارس میں دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ عصری علوم کی تعلیم انتہائی خوش آئند ہے، گورنر پنجاب

61

ملتان۔ 29 جنوری (اے پی پی):گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ دینی مدارس میں دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ عصری علوم کی تعلیم انتہائی خوش آئند ہے،دینی مدارس شرح تعلیم میں اضافے کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامعہ خیر المدارس ملتان کے سالانہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ سرکاری و نجی سکولوں میں پہلی سے پانچویں تک ناظرہ قرآن کی تعلیم جبکہ چھٹی جماعت سے بارہویں جماعت تک قرآن کی تعلیم ترجمہ کے ساتھ لازم قرار دی گئی ہے، اس طرح دینی مدارس اور عصری علوم کے اداروں کے طلبا میں ہم آہنگی آئے گی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہر نوع کے مثبت علوم حاصل کرنا ہر مسلمان مرد اور عورت پر فرض ہے۔ انہوں نے مدرسہ سے قرآن، حدیث اور دیگر فقہی علوم کے حصول کے بعد فارغ التحصیل پونے والے طلبا کو مبارک باد دیتے ہویے کہا کہ آپ خوش قسمت ہیں کہ اپنے سینوں کو دینی علوم سے منور کر کے جارہے ہیں تاہم آپ پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ اس علم کے حقوق ادا کریں، اس کو معاشرے میں امن و آشتی کے فروغ کے لیے بروئے کار لائیں. علم کو آگے پھیلائیں اور شمع سے شمع روشن کریں،اس موقع پرقاری حنیف جالندھری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سال 250 طلبا نے حفظ کیا جبکہ 200 طلبا نے علم حدیث اور مفتی کورس کیا۔ انہوں نے کہا کہ دین کا علم حاصل کرنا دراصل اپنے سینے کو نور سے بھرنا ہے، قرآن کریم اور احادیث مبارکہ کی تعلیم حاصل کرنا ہر مسلمان کے لئے باعث سعادت ہے۔ انہوں نے کہا کہ محترم بلیغ الرحمن نے بطور وفاقی وزیر تعلیم سرکاری سکولوں میں قرآن کی ناظرہ تعلیم لازمی قرار دلوائی اور سکولوں کے لیے قرآن کا متفقہ ترجمہ کروانے کا شرف بھی انہیں کو حاصل ہے۔ تقریب میں کمشنر ملتان اشفاق احمد چودھری اور علمائے کرام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔