رینالہ خورد؛کرونااور سیلاب میں فرنٹ لائن پر خدمات پیش کرنے والوں میں ایوارڈز تقسیم

20

رینالہ خور،22جنوری(اےپی پی): ہیلتھ اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام کرونااور سیلاب کے دنوں میں فرنٹ لائن پر خدمات پیش کرنے والوں کو سلام پیش کرنے کیلئے ایوارڈز دینے کی تقریب منعقد ہوئی۔

 اس موقع پر الخدمت ویلفیئر کونسل کے سید ندیم جعفری نے خطاب کرتے ہوئے کرونا اور سیلاب زدگان کی امداد کرنے والے فرنٹ لائن ساتھیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ڈاکٹر اظہر محمود چوہدری نے کہا کہ سیلاب کے متاثرین کے ساتھ ساتھ یہاں کے بے روزگاروں ، سفید پوشوں ، مستحق افراد کے لئے جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔

 ڈاکٹر جواد طیب نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ چلتے ہوئے ایسے افراد کی مدد کرنی چاہیے جو ہماری توجہ کے منتظر ہیں ۔میاں محمد وسیم نے سیلاب متاثرین اور علاقہ کے مستحق افراد کی امداد جاری رکھنے کا عزم کیا  جبکہ تمام تنظیموں کو ایک پلیٹ فارم پر قدم بہ قدم چلنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔

بعد ازاں کرونا ، سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کرنے والی تنظیموں کے سربراہان ، سول سوسائٹی ، ڈاکٹرز ، کیمسٹ ، پیرامیڈیکل اسٹاف ، بریسٹ کینسر کی آگاہی فراہم کرنے والی خواتین ، رضا کاروں جن میں ڈاکٹر اظہر محمود ، ڈاکٹر جواد طیب ، سید ندیم جعفری ، ڈاکٹر ابوذر ، حافظ زبیر فاروق ، آصف سمدانی ،  غلام مرتضی قادری ، ڈاکٹر راؤ فیصل ، ڈاکٹر عمیر بھٹی ، ڈاکٹر علی حیدر ، میاں محمد وسیم شامل ہیں انکو ایوارڈز سے نوازا گیا  ۔