عمران خان اقتدار کے حصول کے لیے ملک اور ملک کی عوام کو داؤ پر لگا رہا ہے؛سید نوید قمر

6

ٹنڈومحمدخان،22 جنوری(اے پی پی) :وفاقی وزیر تجارت و سرمایہ کاری سید نوید قمر نے کہا ہے کہ عمران خان اقتدار کے حصول کے لیے ملک اور ملک کی عوام کو داؤ پر لگا رہا ہے،عمران خان کنفیوژن کا شکار ہے، وہ کبھی اسمبلی آنے کی تو کبھی استعفوں کی منظوری کے بات کرتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملاکاتیار میں دریائے سندھ کے بچاؤ بند کے معائنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔سید نوید قمر کا کہنا تھا کہ چند روز قبل دریائے سندھ کا بچاؤ بند اچانک دھماکے سے زمین بوس ہوگیا تھا، جوکہ انتہائی خطرناک تھا، ممکنہ سیلابی ریلے سے قبل بند کی مرمت کی ضرورت ہے، وفاقی و صوبائی حکومتوں سمیت دیگر کے تعاون سے دریا کے بچاؤ بند کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔

عمران خان کے استعفوں  کے حوالے سے سید نوید قمر نے کہا کہ عمران خان کو ملک، آئین و قوم کی نہیں بلکہ اقتدار کی فکر ہے، وہ ملک میں انارکی و انتشار کی سیاست کررہا ہے، وہ کبھی اسمبلی آنے کی تو کبھی استعفوں کی بات کرتا ہے،وہ کنفیوژن میں مبتلا ہے۔

قبل از وقت انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ضمنی الیکشن سمیت ہر طرح سے تیار ہے تاہم 13 اپریل سے قبل ملک میں ضمنی الیکشن کسی صورت ممکن نہیں ،13 تاریخ کے بات جنرل الیکشن ہوں گے۔

 نگراں سیٹ اپ میں عمرن خان سے مشاورت کرنے والے سوال کے جواب میں سید نوید قمر نے کہا کہ یہ سوال قبل از وقت ہے تاہم موجودہ حکومت عمران خان سے کسی صورت مشاورت نہیں کرے گی، آئین کے مطابق نگراں سیٹ آپ کے لئے اپوزیشن لیڈر سے بات کی جاتی ہے اگر اس وقت تحریک انصاف کا اپوزیشن لیڈر ہوگا تو مشاورت عمران خان سے نہیں اپوزیشن لیڈر سے کریں گے۔

آئی ایم پروگرام کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانا مجبوری ہے، حکومت نے پہلے مرحلے کے مذاکرات کر لئے ہیں، دوست ممالک نے بھی مدد کے حوالے سے یہی کہا ہے کہ پہلے آئی ایم ایف کے پاس جاؤ ہم بعد میں مدد کریں گے، ہمیں اندازہ ہے کہ آئی ایم ایف ہم سے بجلی، گیس سمیت دیگر ٹیکسز میں اضافے کی بات کرے گا۔

  بعد ازاں انہوں نے پارٹی کارکنان سے ملاقاتیں کیں۔ سید نوید قمر نے پارٹی کے ضلعی اطلاعات سیکرٹری سے ان کی والدہ کے انتقال پر ان کے گاؤں میں تعزیت بھی کی۔