زندگی میں کامیابی کے حصول کیلئے جدوجہد ضروری ہے،طالب علم انجینئرنگ کے شعبہ کا انتخاب کریں؛ پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران

11

ملتان،31 جنوری(اے پی پی ):وائس چانسلر ایم این ایس یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان انجینئر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کہا ہے کہ زندگی میں کامیابی کے حصول کیلئے جستجو اور جدوجہد کرنا ضروری ہے، محنت اور لگن سے کام کرنے والوں کو کبھی مایوسی نہیں ہوتی اور وہ اپنی منزل پانے میں کامیاب رہتے ہیں، طالب علموں کو چاہیے کہ وہ انجینئرنگ کے شعبہ کا انتخاب کریں جس میں ان کی بھرپور دلچسپی اور لگن انہیں مستقبل میں کامیاب انجینئر بنا سکتی ہے اور وہ ملک و قوم کی خدمت کرنے کے ساتھ ساتھ بہترین روزگار حاصل کرسکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بحیثیت مہمان خاص کیرئیر کونسلنگ کے سلسلہ میں منعقدہ تربیتی سیمینار سے خطاب میں کیا۔پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ اعلیٰ تعلیم کا بنیادی زینہ ہے یہیں سے نئی نسل اپنے مستقبل کا فیصلہ کرتی ہے لہٰذا ان کو چاہئے کہ وہ سوچ سمجھ کر اپنے گول کا تعین کرے محنت کر کے انٹرمیڈیٹ کو امتیازی نمبروں سے پاس کریں تاکہ ان کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں آسانی ملے اپنے اندر کے ڈر کو ختم کریں اپنی صلاحیتوں کو پہچان کر اجاگر کریں اور مثبت سرگرمیوں کو عام کریں کھیلوں میں بھی حصہ لیں ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دیں ۔

انہوں نے مزید کہاکہ ہمیں دنیا کے برابر آنے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی میں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے میری کوشش ہے کہ میں یو ای ٹی ملتان کو پاکستان کا اعلیٰ اور معیاری تعلیمی ادارہ بنادوں، یو ای ٹی ملتان میں اس وقت انجینئرز سولر انرجی سے چلنے والی موٹرسائیکل تیار کررہے ہیں اور یہ اپنے تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جس کی جلد نمائش کی جائے گی اس کے ساتھ ساتھ ہم سائن وے ٹیکنالوجی یو پی ایس تیار کررہے ہیں جو بجلی والا بیک اپ فراہم کرے گا یہ دونوں پراجیکٹ یو ای ٹی ملتان خود کررہے جس کی میں بذات خود نگرانی کررہا ہوں ۔

میزبان نعیم اقبال نعیم نے کہا کہ ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن اپنے قیام کے بیسویں سال میں داخل ہے اور اس وقت ہم ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن کی دو دہائیوں کی تکمیل کررہے ہیں اپنے قیام سے آج تک ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نے اپنے محدود وسائل میں ہزاروں طلباءو طالبات کو خود اعتمادی کے ساتھ ساتھ کیرئیر کونسلنگ و تربیت کے وہ مواقع فراہم کئیے جو شاید کسی نے نہیں کئیے ہم نسل نو کو سچا، پکا اور محبِ وطن پاکستانی بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔

پروفیسر ہاسر طاہر خان نے کہاکہ آج کا نوجوان صلاحیتوں سے مالا مال مگر وہ اپنی صلاحیتوں سے استفادہ نہیں کررہا اسے چاہیے کہ وہ دورِ جدید کو سمجھتے ہوئے انفارمیشن ٹیکنالوجی میں عبور حاصل کرے۔ تقریب کے آخر میں مہمانان گرامی میں اعزازی شیلڈز تقسیم کی گئی جبکہ کے طلبا کی کامیابی کے لے دعا کی گئی۔