ضلع اوکاڑہ میں  پولیو مہم  16 جنوری سے شروع ہو گی، ڈپٹی کمشنر کی تمام اداروں کو مہم  کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے کی ہدایت

14

اوکاڑہ،10جنوری(اے پی پی ): ضلع اوکاڑہ میں  پولیو مہم  16 جنوری سے شروع ہو گی ،ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ انسداد پولیو اقدامات وقت کی ضرورت ہے اور ہماری اولین ذمہ داری ہے، انسداد پولیو مہم کو سو فیصد کامیاب بنانے کے لئے کسی بھی سطح پر کوئی بھی کمی نہیں ہونی چاہیے، اس قومی اہمیت کے معاملہ پر پوری سنجیدگی سے اقدامات کریں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ضلع اوکاڑہ پولیو فری ہے اور پورے پنجاب میں پولیو کا کیس نہیں  ہے، ہمیں پورے پاکستان کو پولیو فری بنانے کی کی مہم میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے 16 جنوری سے شروع ہونے والی مہم کے سلسلہ میں کئے گئے اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے پولیو مہم کو نتیجہ خیز بنانے میں ورلڈ ہیلتھ آرگانز یشن سمیت بین الاقوامی شراکت دار اداروں اور سرکاری محکموں کی شبانہ روز کاوشوں کوسراہتے ہوئے کہا کہ پولیو مہم کو پوری توجہ،محنت،ذمہ داری سے آگے بڑھایا جائے اور طے شدہ ایس او پیز کا ہر جگہ خیال رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی ایک بڑا خطرہ ہے ہمیں اپنے بچوں کو اس وائر س سے بچانے کے لئے انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلانا ہیں۔

اس موقع پر سی ای او ہیلتھ سید اظہر عباس نقوی نے انسداد پولیو مہم کے لئے مائیکرو پلاننگ لاجسٹک سپورٹس اور فیلڈ عملہ کی تربیت سے متعلق بریفنگ دی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ،ڈی او ہیلتھ سید اعجاز حسین شاہ،ورلڈ ہیلتھ آرگنائز یشن سمیت متعلقہ محکموں کے سربران نے شرکت کی۔