فنون لطیفہ کے تمام شعبوں کی ترقی میں ملتان آرٹس کونسل اہم کردار ادا کر رہی ہے؛ قمر رضا شہزاد

18

ملتان،02جنوری(اے پی پی ):نامور شاعر،ادیب اور دانشور قمر رضا شہزاد نے کہا ہے کہ فنون لطیفہ کے تمام شعبوں کی ترقی میں ملتان آرٹس کونسل اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے یہ بات ملتان آرٹس کونسل کے زیر اہتمام ملتان کی معروف سنگرز حفصہ ندیم اور صائمہ علی کے اعزاز میں منعقدہ موسیقی کی ایک شام” سنگیت کے چمکتے ستاروں کے نام” میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کا پورا خطہ تخلیقی اعتبار سے انتہائی زرخیز خطہ ہے اور بے شمار فنکاروں نے اس خطے سے قومی سطح پر  اپنی شناخت بنائی ہے۔

معروف شاعر،ادیب اور کالم نگار ناصر بشیر نے کہا کہ حفصہ ندیم اور صائمہ علی کا موسیقی میں روشن مستقبل ہوگا اور ان کی پرفارمنس اور گیتوں کا انتخاب نہایت لاجواب اور قابل تعریف ہے۔

ڈائریکٹر آرٹس کونسل سلیم قیصر نے کہا کہ نئے فنکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے  آرٹس کونسل اس طرح کی محافل کا انعقاد جاری رکھے گی۔استاد صغیر احمد نے کہا کہ ملتان کے نئے فنکار اپنی محنت سے تیزی کے ساتھ مقبولیت حاصل کر رھے ہیں۔

سید مسعود احمد  بخاری نے کہا کہ حفصہ ندیم اور صائمہ علی نے اپنے سنگیت کے ذریعے اپنی الگ پہچان اور شناخت بنائی ہے اور خطے کے دیگر نوجوان بھی قابل تعریف کام کر رہے ہیں ۔معروف صحافی رفیق قریشی نے کہا ملتان میں نئے آنے والے نوجوان سنگرز اپنی محنت سے اپنے سینئرز کی توجہ حاصل کر رہے ہیں ۔

تقریب سے سنگر  شمیم انصاری، سلیم درباری کے علاوہ امین باقر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر حفصہ ندیم اور صائمہ علی نے میڈم نورجہاں کے علاوہ دیگر پاکستانی گلوگارائوں کی غزلیں اور گیت سناکر خوب داد سمیٹی۔

محفل میں اجالا اور کرن نے بھی خوبصورت گیت سنائے جنہیں حاضرین نے بے حد پسند کیا۔آخر میں سب فنکاروں نے مل کر وطن کے حضور ملی نغمہ پیش کیا۔