مظفرگڑھ؛ ریسکیو 1122 نے سال2022 کے دوران 38965 ایمرجنسی کالز پر ریسپانس کیا

12

مظفرگڑھ، 2جنوری (اے پی پی):ریسکیو 1122مظفرگڑھ کی جانب سے جاری خدمات کے سلسلہ میں ریسکیو مظفرگڑھ نے سال 2022 میں پیش آنیوالے حادثات کے حوالہ سے رپورٹ جاری کر دی ہے۔ریسکیو 1122 مظفرگڑھ کو 38965 ایمرجنسی کالز موصول ہوئیں جن میں 6545 روڈ ٹریفک حادثات، 26258 میڈیکل ایمرجنسیز، 388 فائر ایمرجنسیز، 824 کرائم ایمرجنسیز، 46 ڈوبنے کی، 51 عمارتوں کے گرنے، 04 سلنڈرز کے پھٹنے اور 4847 دیگر ایمرجنسیز شامل ہیں۔

ریسکیو1122 مظفرگڑھ نے ان ایمرجنسیز پر رسپانس کرتے ہوئے 47711 افراد کو ریسکیو کیا جن میں 9720 افراد کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی اور 31345 افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ 902 افراد موقع پر جانبحق ہوئے۔

مظفرگڑھ میں سال 2022 میں پیش آنیوالی سیلابی صورتحال میں ریسکیو1122 مظفرگڑھ نے5744 سیلاب سے متاثرہ افراد کو امدادی کارروائیوں کے دوران محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹیشن کی سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔

 ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایات پر سیلاب سے متاثرہ ملحقہ اضلاع ڈیرہ غازیخان اور راجن پور کے ساتھ ساتھ صوبہ سندھ کے ضلع جیکب آباد میں ریسکیو1122 مظفرگڑھ کی جانب سے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئیے فلڈ ایمرجنسی ٹیمز بھی بھیجی گئیں۔

 ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں نے مظفرگڑھ نے شہریوں کو سال نو 2023 کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کے ہماری یہ کوشش ہو گی کہ ہم زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیمز کا حصہ بناتے ہوئے انہیں اس قابل بنا سکیں کہ وہ نہ صرف ریسکیو1122 کے شانہ بشانہ دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کر سکیں بلکہ انکے توسط سے زیادہ سے زیادہ شہریوں میں صحت اور صفائی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے پیدا ہونیوالے امراض کو کم کیا جا سکے، اور اس مقصد کے لئے ہماری جانب سے زیادہ سے زیادہ سکولز اور کالجز میں تربیتی پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا۔

انکا کہنا تھا کہ ہم یونین کونسلز، دیہات اور بستیوں کی حد تک تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ کمیونٹی ایمرجنسی ٹیمز تشکیل دی جا رہی ہیں تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری رسپانس کو یقینی بناتے ہوئے جان و مال کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔

انہوں نے سال 2023 میں اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم دیگر لائن ڈپارٹمنٹس اور سماجی شخصیات کی مدد سے بلڈنگ سیفٹی کے پیش نظر بلڈنگ کوڈز کو نافذالعمل کرتے ہوئے عمارتوں کو محفوظ بنائیں گے اور اسکے ساتھ ساتھ عوام میں آگاہی مہم کے ذریعے دوران سفر روڈ سیفٹی کلچر کو اجاگر کیا جائیگا تاکہ ہونیوالے حادثات میں کمی لائ جا سکے۔