ملتان، سستے آٹے کی بلاتعطل فراہمی کیلئے سخت مانیٹرنگ کا آغاز کردیا گیا

5

ملتان،12جنوری ( اےپی پی): ضلعی انتظامیہ اور محکمہ کی جانب سے شہر اولیاءمیں سستے آٹے کی بلاتعطل فراہمی کیلئے سخت مانیٹرنگ کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو نے آٹا سیل پوائنٹس اور فلور ملز کے اچانک دورے کئے اور شہریوں سے ملاقات کی۔ڈپٹی کمشنر کے دورے کے دوران مختلف پوائنٹس آر فلور ملز سے سرکاری تھیلے خورد برد کرنے والے 7 ملزمان گرفتار کرلئے گئے۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود نے فلور ملز اور پوائنٹس سے ملزمان کو گرفتار کیا اور میراں فلور مل کو بھی سیل کردیا۔ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو نے فلور ملز کو چیک کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان فلور ملز اور سیل پوائنٹس سے آٹا خورد برد کررہے تھے تمام فلور ملز کوٹے کے مطابق سپلائی فراہم کریں بصورت دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔طاہر وٹو نے بتایا کہ محکمہ فوڈ شہریوں کو قطاروں سے بچانے کیلئے اقدامات کررہا ہے جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں خصوصی چیکینگ ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔