ملتان؛ نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں جھلسنے والے بچوں کے حوالے سے آگاہی واک کا انعقاد

7

ملتان ،09 جنوری(اے پی پی): شعبہ پیڈیاٹرک سرجری نشتر میڈیکل یونیورسٹی اور پاک اٹالین ماڈرن برن سنٹر ملتان کے اشتراک سے نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں جھلسنے والے بچوں کے حوالے سے آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک کا مقصد علاج کے ساتھ ساتھ بچوں کو جلنے کے واقعات سے بچانا مقصود تھا۔

  نشتر ایڈمنسٹریشن بلاک سے شروع ہو کر پاک اٹالین برن سنٹر پر اختتام پذیر ہونے والی واک کی قیادت پروفیسر آف پیڈیاٹرک سرجری پروفیسر عمر فاروق اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاک اٹالین برن سنٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد انور نے کی جبکہ دیگر شرکاء میں پروفیسر ڈاکٹر مسعود الرؤف ہراج، پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر،  پروفیسر ڈاکٹر احمر، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ ارم، ڈاکٹر عامر حنیف ، ڈاکٹر صائمہ اشرف ، ڈاکٹر خالد چستی سمیت ڈاکٹرز ، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کثیر تعداد شامل تھی۔

 ماہرین کے مطابق بچوں کے جلنے کے واقعات میں زیادہ تر حادثات ایسے ہیں جو ہر سال کسی کی غلطی اور بے احتیاطی کے باعث پیش آتے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر عمر فاروق کا اس موقع پر کہنا تھا کہ علاج کی سہولتیں مہیا کرنے کے علاوہ ایسے اقدامات کرنے کی بھی ضرورت ہے جن سے حادثات میں بچوں کے جھلسنےکے امکانات کم ہو سکیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ ایسے حادثات سے بچنے کے لیے بچوں کو گرم چیزوں اور کچن سے دور رکھا جائے۔