لاہور۔22جنوری (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی سے وزیر اعلی آفس میں پاکستانی نژادامریکی بزنس مین اور ڈیموکریٹ پارٹی کے رہنما طاہر جاوید نے ملاقات کی۔ طاہر جاوید نے مختصر مدت میں پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے وزیراعلی کے مثالی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی چودھری پرویز الہی کی قیادت میں پنجاب حکومت نے 5 سال کے کام 5ماہ میں کئے اور چودھری پرویزالہی نے پہلے دور کی طرح اس بار بھی عوامی خدمت کی نئی مثال قائم کی ہے۔ طاہر جاوید نے کہا کہ پنجاب اور امریکی ریاست کیلیفورنیا کو سسٹر صوبے قرار دینا وزیراعلی چودھری پرویز الہی کو ایک بڑا کارنامہ ہے جس پر وزیراعلی کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہیں۔وزیراعلی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اورکیلیفورنیا کو سسٹر صوبے قرار دینے کا معاہدہ تجارتی، معاشی،کاروباری تعلقات میں اضافے کا باعث ہوگا۔پنجاب اورامریکی ریاست کیلیفورنیا کے مابین دوطرفہ سرمایہ کاری بڑھے گی ،تعلیم،صحت،انفارمیشن ٹیکنالوجی،ماحولیات اورثقافت کے شعبوں میں تعلقات کو فروغ ملے گا۔یہ معاہدہ پنجاب اورکیلیفورنیا کی ریاست کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔انہوں نے کہا کہ امریکہ میں رہنے والے پاکستانیوں نے سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد کی ہے اور وزیراعلی فلڈ ریلیف فنڈمیں مخیر حضرات نے دل کھول کر عطیات دیئے اور ہماری حکومت نے رقم کو سیلاب متاثرین کی بحالی و آبادکاری کیلئے شفافیت کے ساتھ استعمال کیا ہے۔