لاہور،2جنوری (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے پیر کو پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے ۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی چودھری پرویز الہی نے کہاکہ پنجاب میں بھائی چارے کی سیاست کو فروغ دیا ہے ،ہم نے اچھے کاموں میں اپوزیشن کو شامل کیا ۔انہوں نے کہاکہ وزارت اعلی کے منصب کے لئے اللہ تعالی نے راہ ہموار کی ،اللہ تعالی نے لا کر بٹھا دیا، خدمت کا موقع ملنے پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی کی نئی عمارت کی تکمیل کیلئے کئی سال انتظار کرنا پڑا،1938 میں پنجاب اسمبلی کی پرانی عمارت بنی، سپیکر بنا تو پہلے مسجد بنوائی،اسمبلی کی نئی عمارت کا سنگ بنیا د رکھا اور افتتاح کا اعزاز بھی اللہ نے عطا کیا۔
وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ اسمبلی کی نئی عمارت کے لئے چیف آرکیٹیکٹ زارا کا ڈیزائن منتخب ہوا۔این سی اے کی ٹیم نے سٹیٹ آف دی آرٹ گنبد بنوایا ،ترک ماہرین نے اسمبلی کی نئی بلڈنگ کے گنبد کو عجوبہ قرار دیا ۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی کی نئی عمارت اہم نہیں، قانون سازی اہمیت کی حامل ہے ،ختم نبوت، ناظرہ اور ترجمہ قرآن، متحدہ علما بورڈ اور ختم نبوت یونیورسٹی ایکٹ پاس کرائے۔
وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے کہا کہ خاتم النبیین یونیورسٹی میں دینی علوم کے بارے میں چھپنے والی کتابیں مہیا کریں گے ، 1122 ایمرجنسی میں مفت ادویات،ڈاکٹروں کی تین گنا تنخواہ اور جوبلی ٹائون ڈینٹل انسٹی ٹیوٹ کے ایکٹ بھی پاس کرائے گئے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں بچیوں کا سکالر 100 فیصد بڑھا دیا گیا،پبلک ڈیفینڈر ایکٹ کے تحت سپریم کورٹ تک عوام کو مفت لیگل ایڈ فراہم کریں گے۔انکا کہنا تھا کہ اسمبلی میں جتنے اچھے کام ہوں گے وہی ہمارا کریڈٹ ہو گا،ہم نے ہمیشہ بھائی چارے کی فضا اور اچھی سیاسی روایات قائم کی ہیں ۔
وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے سپیکر پنجاب اسمبلی سردار محمد سبطین خان، چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل،پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی محمد خان بھٹی،آئی جی عامر ذوالفقار، سیکرٹری پنجاب اسمبلی عنایت اللہ لک، سابق سیکرٹری پنجاب اسمبلی رائے ممتاز حسین، سیکرٹری فنانس مجاہد شیر دل، پریس سیکرٹری وزیر اعلی محمد اقبال چودھری،چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی زینب عمر، ارونا زارا، جی ایم سکندر، ڈاکٹر مرتضی جعفری، رائے ممتاز بابر، عاصم نواز چیمہ، زبیر لطیف، اسد ڈھلوں، ڈاکٹر عابد بودلہ، عمر سعید، ایکسیئن مریم راٹھور، عمیر مقصو د، زبیراحمد، جواد حسن، یاسر کیانی اور دیگر کو حسن کارکردگی شیلڈز دیں۔
تقریب سے سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان اور صوبائی وزیر پارلیمانی امور راجہ بشارت نے بھی خطاب کیا۔سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال،صوبائی وزرا میاں محمودالرشید، سردار حسنین بہادر دریشک، سردار آصف نکئی، سردار شہاب الدین،غضنفر عباس چھینہ، مرادراس،دیگر وزرا، ارکین اسمبلی، چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی محمد خان بھٹی، انسپکٹر جنرل پولیس عامر ذوالفقار، سابق پرنسپل سیکرٹری جی ایم سکندر، سیکرٹری پنجاب اسمبلی عنایت اللہ لک، ڈی جی پروٹوکول پنجاب عنصرنذیر اور اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
قبل ازیں وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کے باقاعدہ افتتاح کے بعد کہا کہ نئی اسمبلی میں اگلے 100سال کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے500ارکان کی گنجائش موجود ہے۔200افراد کیلئے Ayes Lobby اور 200افراد ہی کے لئے Noes Lobby بنائی گئی ہے۔سپیکر چیمبر افسران،میڈیا اوروزیٹرز کیلئے 800افراد تک کی گنجائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی اسمبلی میں وزیراعلی، سپیکر، ڈپٹی سپیکر، وزرا اور لیڈر آف اپوزیشن کیلئے سیکرٹریٹ بلڈنگ میں دفاتر بنائے گئے ہیں۔ 3کمیٹی روم اورایک کانفرنس روم کے علاوہ لائبریری اورکیفے ٹیریا کی بھی سہولت موجو دہے، 400 گاڑیوں کی پارکنگ رکھی گئی ہے۔