لاہور۔21جنوری (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہی سے وزیراعلی آفس میں پنجاب احساس پروگرام کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشترنے ملاقات کی۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے مستحق خاندانوں کیلئے مالی معاونت کے احساس راشن پروگرام پر بریفنگ دی اور سیلاب متاثرین کی بحالی و آباد کاری کے پروگرام پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وزیراعلی نے مستحق افراد کی مدد کیلئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب احساس پروگرام کے ذریعے سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے مثالی کام کیاہے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کا ڈیٹا حاصل کرنے کیلئے ٹیکنالوجی کی مدد لی گئی ہے، احساس پروگرام کے ذریعے سیلاب متاثرین کی مدد آئندہ بھی جاری رہنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کی افادیت کے پیش نظر اسے کسی دور میں بند نہیں کیا گیا اور امید ہے کہ احساس پروگرام و سیلاب متاثرین کی بحالی جاری رہے گی۔پرویز الہی نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد ثواب کا کام ہے، فنڈز کی شفافیت سے استعمال کی ماضی میں کوئی مثال نہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سندھ کے سیلاب متاثرین کیلئے ایک ارب روپے کے فنڈز رکھے ہیں جومستند ڈیٹا ملنے پر سندھ حکومت کو دیئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے سیلاب متاثرین کا ڈیٹا نہیں دیا جبکہ پنجاب حکومت کی طرف سے باضابطہ طور پر ایک ارب روپے کی فراہمی کے لئے خط کا جواب بھی سندھ نے نہیں دیا۔وزیراعلی نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مددفلاحی کام ہے جبکہ سندھ کا عدم تعاون ناقابل فہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اور متعلقہ ادارے ہر طرح سے سندھ حکومت سے رابطہ کر چکے ہیں، پنجاب سندھ کے متاثرہ بھائیوں کیلئے اپنی کمٹمنٹ پوری کرے گا۔