وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ریجنل آفس فیصل آباد میں وفاقی محتسب کی 40 سالہ عوامی خدمات کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد

69

فیصل آباد۔24جنوری  (اے پی پی):وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ریجنل آفس فیصل آباد میں وفاقی محتسب (1983 تا 2023) 40 سالہ عوامی خدمات کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد عمران حامد شیخ نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔اس موقع پر ایسوسی ایٹ ایڈوائزر ریجنل وفاقی محتسب سیکرٹریٹ سید غضنفر مہدی،ایڈوائزر وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ریجنل آفس شاہد حسین جیلانی،اور اسسٹنٹ رجسٹرار یاسر شبیر نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ وفاقی محتسب ریجنل دفاتر کا قیام وفاقی اداروں کے خلاف عوامی شکایات کے ازالے کیلئے ایک انتہائی کامیاب ماڈل ہے۔اس ادارے کے 40 سال مکمل ہونا ہی اس ادارے کی کامیابی کی دلیل ہے اور ایک سال میں 7 ہزار عوامی شکایات کا بڑھ کر ایک لاکھ تک پہنچنا ادارے پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ عوامی خدمت میں بڑھ چڑھ کر اپنا حصہ ڈال رہا ہے اور عوام کو جلد اور سستا انصاف فراہم کر رہا ہے اور ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کیلئے بھرپور طریقے سے اسکے ساتھ کھڑی ہے۔ ریجنل وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے سربراہ اایسوسی ایٹ ایڈوائزر سید غضنفر مہدی نے اس موقع پر ادارے کے خدوخال اور کارکردگی بارے بتاتے ہوئے کہا کہ آج ہم پاکستان بھر کے تمام ریجنل دفاتر میں وفاقی محتسب کے قیام کی 40 سالہ تقریبات منا رہے ہیں۔انہوں نے کہا یہ ادراہ سپریم جوڈیشل نظام کے شانہ بشانہ عوامی مسائل کے فوری اور مفت حل کیلئے کام کر رہا ہے اور 1983 سے یہ ادارہ بغیر کسی مداخلت کے عوامی خدمت میں پیش پیش ہے۔ایڈوائزر نے کہا کہ اس ادارے کے قیام کا مقصد وفاقی اداروں کے متعلق عام آدمی کی شکایات کا اسکی دہلیز پر مفت اور جلد انصاف فراہم کرنا ہے ادارے کو 2022 میں ایک لاکھ 64 ہزار شکایات موصول ہوئیں جن میں سے ایک لاکھ 57 ہزار کے فیصلے ہو چکے ہیں۔ہم کسی بھی شکایت پر 60 دن کے اندر فیصلہ کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان بین الاقوامی محتسب، ایشیائی محتسب اور او آئی سی کے تحت محتسب کے اداروں کا بھی رکن ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب اسلام آباد اعجاز احمد قریشی نے عوامی شکایات کے حل کیلئے ایک غیر معمولی نظام بھی متعارف کرایا ہے۔ سیدغضنفر مہدی نے کہا کہ ہم وفاقی سرکاری اداروں جیسے نادرہ، ای او بی آئی، ایف بی آر،پاکستان ریلوے، جی پی او اور دیگر اداروں کے معائنے بھی کرتے ہیں اور نہ صرف عوامی شکایات حل کرتے ہیں بلکہ سرکاری اداروں کے مسائل بھی سنتے ہیں اور انکو حل کرتے ہیں تاکہ عوامی مسائل کے حل کی راہ میں رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے۔ فیصل آباد ریجنل دفتر 2001 میں قیام کے بعد سے 400 تا 500 شکایات موصول ہوتی تھیں جو کہ اب عوامی آگاہی اور شعور کے بڑھنے سے اور ضلعی سطح پر مسائل کے حل ہونے سے کافی زیادہ بڑھ گئی ہیں جو کہ عوام کے ادارے پر اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے گزارش اور اپیل ہے کہ کسی بھی وفاقی سرکاری ادارے کے بارے میں کسی بھی شکایت کی صورت میں ریجنل وفاقی محتسب سیکر ٹریٹ آکر اپنی درخواست دیں، ہم 60 دن کے اندر اسکا فیصلہ کر دیں گے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اور ریجنل وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے افسران اور عملہ نے 40 سالہ تقریبات کا کیک کاٹا۔