پاکستانی افرادی قوت کو بیرون ملک روزگار دلانے کی کی کوششیں تیز کی جائیں گی؛ سردار سلیم حیدر  خان

9

اسلام آباد،13جنوری(اے پی پی):وزیر مملکت برائے اووسیز پاکستانیز سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ ملک سے بے روزگاری کے خاتمہ کیلئے شب و روز محنت جاری ہے،  پاکستانی افرادی قوت کو بیرون ملک روزگار دلانے کی کی کوششیں تیز کی جائیں گی ،کوٹہ بڑھایا جائے گا اور حائل تمام رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔

 وہ جمعہ کو  وزارت میں اداروں کی چار ماہ کی کارکردگی بارے   منعقدہ ایک اجلاس  سے خطاب کر رہے تھے ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر مملکت کو بتایا گیا کہ لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کیلئے دنیا کے مختلف ممالک سے رابطے اور معاہدے کئے گئے ہیں جن میں  کوریا،جاپان،کویت،سعودی عرب،جرمنی اور دیگر کئی ممالک شامل ہیں۔  اس معاملہ میں کوریا  پہلے نمبر پر ہے جہاں اب تک 1991 افراد کو بھیجا جا چکا ہے یہاں بتایا گیا کہ کویت سعودی عرب،قطر ،لیبیا،مالدیپ اور جاپان کو بھی افرادی قوت فراہم کی گئی ہے اور جاپان میں کل ہی 6 افراد کو بھجوایا گیا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کوریا کیلئے رجسٹریشن 28جنوری سے شروع ہو گی جس کیلئے بیرون ملک جانے والو کو زبان سکھائی اور باقاعدہ تربیت دی جاتی ہے اور اب تک 26ہزار لوگو کو مختلف زبانیں سکھائی جا چکی ہیں یہاں بتایا گیا کہ بیرونی ممالک  سےسب سے زیادہ ڈیمانڈ نرسز کی ہے جبکہ  ہمارے پاس ان کی تعداد کم ہے  اس کے لئے  ضروری ہے کہ  نیفڈک کو وزارت کے ماتحت کیا جائے ۔ورکرز ویلفئر فنڈ کی جانب سے بتایا گیا کہ اس وقت ملک بھر میں کئی تعلیمی ادارے، ہسپتال اور رہائشی منصوبے جاری ہیں جن میں سے 80فیصد پر کام مکمل ہو چکا ہے ۔

اس موقع پر وفاقی وزیر مملکت سردار سلیم حیدر نے ہدایت کی کہ بیرون ممالک بھیجے جانے والے افراد کی مکمل تربیت کی جائے تاکہ کوئی منفی چیز سامنے نہ آئے کیونکہ اس سے ملک کا امیج خراب ہوتا ہے انہوں نے  ورکرز ویلفیئر فنڈ  بارے لوگوں کو آگاہی دینے کی بھی ہدایت کی۔انہوں  نے کہا کہ اگرورکرز ویلفیئر فنڈ سے  میرے حلقہ انتخاب میں تعلیمی ادارہ بنایا جائے تو اس کیلئے  وہ اپنی ذاتی اراضی عطیہ کرنے کو تیار ہیں۔