پاکپتن ، 30جنوری (اے پی پی ) :برصغیر پاک و ہند کے عظیم صوفی بزرگ حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر رحمت اللہ علیہ کے مزار پر ہندالولی حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری رحمت اللہ علیہ کے811 ویں سالانہ عرس کی تقریبات اختتام پذیر ہوگئی ۔انڈین حکومت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی زائرین کو خواجہ غریب نواز کے سالانہ عرس میں شرکت کے لئے ویزے جاری نہیں کئے جس کے باعث پاکستانی زائرین نے درگاہ بابا فرید پاکپتن میں ہونے والی تقریبات میں شرکت کی۔سجادہ نشیں درگاہ بابا فرید دیوان مودود مسعود چشتی نے دیوان فیملی اور سینکڑوں عقیدت مندوں کی موجودگی میں عرس کی اختتامی رسومات ادا کیں۔اس موقع پر ختم خواجگان پڑھا گیا،محفل سماع اور چادر پوشی کی گئی نیز ملک و قوم کی سلامتی اور خوشحالی کے لئیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔اس موقع پر محکمہ اوقاف پنجاب کی جانب سے زائرین کے لئیے خصوصی اقدامات کئے گے۔