کراچی،5جنوری (اے پی پی):پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس)میں کنسنگٹن کے لارڈ اورنیو یارک سٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ متعدد ٹیکنالوجیکل فرموں بشمول ڈیجیٹل اوشیئن ہولڈنگزکے سینئر ایڈوائزرعامر سرفراز، ڈیجیٹل اوشیئن کے سی ای او یان سی سپرول اور کلاڈ ویزکے بانی عاقب غدیت کا پر تپاک استقبال کیا گیا۔ مہمانوں کی آمد ڈیجیٹل اوشیئن ہولڈنگزکی طرف سے کلاڈویز کی خریداری کے موقع پر منعقدہ گونگ بجانے کی تقریب کے موقع پر ہوئی۔ مالی حجم کے اعتبار سے یہ کسی غیر ملکی فرم کی جانب سے کسی پاکستانی سافٹ ویئر فرم کی خریداری کا سب سے بڑا سودا تھا۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او فرخ ایچ خان نے اس موقع پر پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مہمانوں کا استقبال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل اوشیئن کی جانب سے کلاڈ ویز کی خریداری اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی ٹیک کمپنیاں سٹریٹجک اور پورٹ فولیو سرمایہ کاروں کے لیے زبردست کاروباری مواقع پیش کرتی ہیں۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)ایکوسسٹم میں ٹیلنٹ پول متاثر کن ہے، یہی وجہ ہے کہ اس صنعت میں نمایاں صلاحیت موجود ہے اور اہم بات یہ ہے کہ آئی ٹی انڈسٹری کمپائونڈ شرح سے خدمات کی برآمد میں اضافہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جو اس وقت پاکستان کے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے۔
فرخ ایچ خان نے کہا کہ اگر ہم وینچر کیپیٹل میں سرمایہ کاری کے لحاظ سے دیکھتے ہیں جبکہ چیلنجوں کے باوجود 2022 میں سٹارٹ اپ فنڈنگ $347ملین تھی۔ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے سٹارٹ اپس کے لیے قانونی تعریفیں مقرر کی ہیں او ر وفاقی حکومت نے آئی ٹی انڈسٹری کو سپورٹ کرنے کے لیے خصوصی ٹیکنالوجی زون قائم کرنے میں مدد کی ہے۔ آخر میں فرخ ایچ خان نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ سودا اس ملک کی آئی ٹی انڈسٹری کے لیے اچھا ثابت ہوگا۔
لارڈ عامر سرفراز نے پی ایس ایکس ٹریڈنگ ہال میں ڈیجیٹل اوشین ہولڈنگز انکارپوریٹڈ کے سی ای او یانسی سپرول اور بانی کلاڈ ویز اور چیف ریونیو آفیسر، ڈیجیٹل اوشین ہولڈنگز آئی این سی کی موجودگی میں گونگ بجا کر ٹریڈنگ سیشن کا آغاز کیا۔ اس موقع پرچیئر پرسن پی ایس ایکس ڈاکٹر شمشاد اختر، پی ایس ایکس کے بورڈممبرز، مینجمنٹ آفیشلز اور آئی ٹی انڈسٹری کی اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
لارڈ سرفراز نے اپنے خطاب میں کہا کہ اب پاکستان کی معیشت بحال ہونا شروع ہوگئی ہے اور پا کستان سٹاک ایکسچینج اپنے متحرک سی ای او فرخ خان کی قیادت میں ملک بھر میں دولت کی دوبارہ تقسیم میں اہم کردار ادا کرے گا،تباہ کن سیلابوں اور عالمی معاشی دبائو کے ساتھ پاکستان کے لئے ایک مشکل سال گزرا ہے۔ انہوں نے کہا کلاڈویز کی کہانی بہرحال جشن منانے کے لیے ہے، یہ اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ پاکستانی کاروباری افراد عالمی معیار کی جدت طرازی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
بعد ازاں ڈیجیٹل اوشین ہولڈنگز انکارپوریشن کے سی ای او یانسی سپرول نے کہاکہ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہمارا استقبال ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے اور ہم اپنے کلاڈ ویز کے حصول کے ذریعے پاکستان میں ہماری سرمایہ کاری کے طویل مدتی ترقی کے امکانات کے بارے میں بہت پرجوش ہیں۔
چیئرپرسن پی ایس ایکس ڈاکٹر شمشاد اختر نے اپنے اختتامی کلمات میں لارڈ عامر سرفراز، یانسی سپرول اور عاقب غدیت کو ڈیجیٹل اوشیئن آئی این سی کی جانب سے کلاڈ ویز کے کامیاب حصول پر مبارکباد دی۔ یہ ایک امریکی فرم کی جانب سے پاکستانی اسٹارٹ اپ کا سب سے بڑا حصول ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ کلاڈ ویز کے حصول کی اس طرح کی خبریں آئی ٹی کے شعبے میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ کریں گی۔











