ملتان،05جنوری(اے پی پی):چئیر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کی ہدایت پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی جانب سے بچوں کے استحصال کی روک تھام کیلئے 9 نمبر چوک پر عوامی آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ آگاہی واک میں ڈسٹرکٹ انچارج چائلڈ پروٹیکشن بیورو شفاعت ظفربیورومیں رہائش پذیر بچوں آفیسرز و سٹاف فوکل پرسن آصفہ سلیم ضلعی انتظامیہ ٹریفک پولیس سوشل ویلفیئر پنجاب پولیس کے آفیسرز نے شرکت کی ۔
ترجمان بیورو نے کہاکہ آگاہی واک کا مقصد بچوں کو بدسلوکی اور استحصال کے بارے میں آگاہی دینا اور چائلڈ ہیلپ لائن 1121 کا اجاگر کرنا ہے،جو قوم اپنے بچوں کی حفاظت نہیں کر سکتی وہ کامیاب نہیں ہو سکتی اور کہا کہ بچوں کے استحصال اور بدسلوکی سے بچاؤ کےلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔آصفہ سلیم نے کہا بچے اس قوم کا مستقبل ہیں اور انہیں کسی بھی قسم کے استحصال اور زیادتی سے بچانا چاہیے،استحصال اور بدسلوکی بچوں کے ذہنوں پر ایک صدمہ چھوڑتی ہے جس سے بچوں کے اعتماد اور شخصیت کو نقصان پہنچتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی عوامی آگاہی مہم میں این جی اوز کے نمائندوں، سول سوسائٹی کے ممبران اور عام شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور کہا آگاہی واک کے دوران بچوں کے تحفظ اور بچوں کے استحصال کی روک تھام کے حوالے سے آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے۔











