پوری پاکستانی قوم، حکومت پاکستان  مظلوم کشمیریوں کیساتھ کھڑی ہے؛گورنر خیبرپختونخوا

5

پشاور،5 فروری(اے پی پی): گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد بھارت سمیت پوری دنیا پر واضح کرنا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام اکیلے نہیں،  پوری پاکستانی قوم اور حکومت پاکستان مظلوم کشمیریوں کیساتھ کھڑی ہے۔

یوم یکجہتی کشمیر پر گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی عوام مقبوضہ کشمیر کی آزادی و خودمختاری تک عالمی سطح کے ہر فورم پر  اُن کے حق کیلئے آواز اٹھاتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے بھی مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں اور خواہشات کیمطابق حل کرنے کی قرارداد پاس کی ہے، لیکن بھارت نے نہ صرف اقوام متحدہ کی قرارداد کونظر انداز کر رکھا ہے بلکہ بھارت کی یہ ہٹ دھرمی خطہ میں امن کی بحالی میں بھی سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

حاجی غلام علی نے کہا کہ بھارت نے ریاستی دہشت گردی کے ذریعے 1948سے لیکر اب تک ہزاروں بے گناہ اور معصوم کشمیریوں کو شہید کیا ہے مگر کشمیری عوام پہلے سے بھی مضبوط اعصاب کے ساتھ بھارتی ظلم وبربریت کامقابلہ کرتی آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے سال2019 میں 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کر کے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کی ایک اور بنیادی حق سے بھی محروم کردیا ہے۔

گورنر حاجی غلام علی نے کہا کہ بھارت کے یک طرف فیصلہ سے مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت اقلیت میں بدلنے کی سازش کی گئی، لیکن اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری نام نہاد جمہوریت کی دعویداربھارت پر دباؤ ڈالے اور مسئلہ کشمیر کو مستقل بنیادوں پراقوام متحدہ کی قراردادوں کیمطابق حل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری شہداء کاخون ضرور رنگ لائے گا،اور بہت جلد مقبوضہ کشمیر کے عوام بھی بھارتی تسلط سے آزاد ہو کر آزاد فضاء میں سانس لیں گے۔