اسلامو فوبیا اور امن کا پیغام لے کر یورپ کا دورہ کروں گا؛ پیس واکر کثرت رائے

29

 

اسلام آباد، 10 فروری ( اے پی پی): عالمی شہرت یافتہ پاکستانی “پیس واکر” کھرل زادہ کثرت راۓ  پیغامِ امن لے کر دنیا کا چکر لگائیں گے۔

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کثرت راۓ نے کہا ہے کہ اس وقت دنیا کو اسلامو فوبیا باالخصوص ناموسِ رسالت صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے پُر امن پیغام دینا ضروری ہے جس کیلئے وہ یورپی ممالک کا  پیدل سفر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں وہ جاپان کا پیدل سفر کریں گے جہاں وہ دو شہروں، ہیروشیما اور ناگا ساکی میں پاکستان کا پیغامِ امن پہنچائیں گے، اسی طرح دوسرے مرحلے میں برطانیہ کا سفر کریں گے جبکہ ان کا سب سے اہم دورہ یورپی ممالک کا ہو گا جہاں وہ اسلامو فوبیا کے حوالے سے “امن واک” کریں گے۔ انکا کہنا ہے کہ ان کا مشن دنیا کو پاکستان کی جانب سے امن کا پیغام پہنچانا ہے۔

کثرت راۓ نے مزید کہا کہ وطن عزیز اس وقت سیاسی معاشی بحران کا شکار ہے جو تمام پاکستانیوں سے اپنے مثبت اور موثر کردار کا متقاضی ہے۔ انہوں نے پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ انکی مہم میں ان کے ساتھ تعاون کیا جاۓ تاکہ امن کا پیغام پوری دنیا میں پہنچایا جاسکے۔

یاد رہے کہ کثرت راۓ اس قبل بھی پاکستان کا پرچم اُٹھاۓ کئی ممالک کا پیدل سفر کر چکے ہیں جہاں انہیں نا صرف پاکستانی کمیونٹی بلکہ وہاں کی مقامی سول سوسائٹی اور عوام کی طرف سے سراہا گیا ہے۔