اقتصادی شعبے میں دیرپا اصلاحات سے پاکستان کو معاشی مسائل سے نمٹنے میں مدد مل سکتی ہے؛ امریکی عہدیدار الزبتھ ہورسٹ

26

اسلام آباد، فروری 17 (اے پی پی): امریکی محکمہ خارجہ میں جنوبی اور وسطی ایشیائی امور کے بیورو کی پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری الزبتھ ہورسٹ نے کہا ہے  کہ اقتصادی شعبے میں دیرپا اصلاحات اور سرمایہ کاروں کے لیے کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے سے  پاکستان کو موجودہ معاشی مسائل سے نمٹنے میں مدد مل سکتی ہے۔

انہوں نے ایک انٹرایکٹو سیشن میں طلباء کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہت زیادہ امکانات ہیں  جبکہ مضبوط پالیسیاں ملک میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں مدد کر سکتی ہیں، جو پائیدار ترقی کو یقینی بناتی ہیں۔

یہ سیشن جمعہ کو یہاں نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے لنکن کارنر میں منعقد ہوا۔ امریکی اعلیٰ عہدیدار کے ہمراہ پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم بھی تھے۔انہوں نے کہا امریکہ اس حقیقت کو تسلیم کرتا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کا شکار رہا ہے  اور اس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لامتناہی قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں حالیہ حملہ ایک یاد دہانی ہے کہ دہشت گردی کا مکمل صفایا کرنے کے لیے بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔

الزبتھ ہورسٹ نے کہا کہ پاکستان جمہوریت کی ایک بہترین مثال ہے، جس میں امریکہ کی طرح ایک متحرک سیاسی نظام ہے۔