الخدمت فائونڈیشن کی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں  ترکیہ اور شام  کےزلزلہ کے بعد مشن مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئیں

11

پشاور،21 فروری (اے پی پی):الخدمت فاؤنڈیشن کی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں ترکیہ اور شام  کے زلزلہ کے بعدمشن مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئیں۔ صوبائی صدر خالدوقاص نے خیبرپختونخوا،شمالی پنجاب اور گلگت بلتستان کے رضاکاروں کا اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پراستقبال کیا۔47رکنی ٹیم نے زلزلہ سے زیادہ متاثرہ علاقوں ادیمان اور ہتائی میں عالمی امدادی ٹیموں کے ساتھ سرچ اور ریسکیو  آپریشن میں بھرپورحصہ لیا۔ ترکیہ اور شام میں حالیہ تباہ کن زلزلہ کے بعد الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے فوری طور پرسرچ اور ریسکیومیں مہارت رکھنے والے رضاکاروں پر مشتمل ٹیمیں متاثرہ علاقوں کیلے روانہ کی تھی۔ سرچ اینڈ ریلیف آپریشن کے لئے ترکیہ جانے والی الخدمت فاؤنڈیشن کی ٹیموں کو ترک حکومت نے عالمی ریسکیو آپریشن کے تحت زلزلہ سے زیادہ متاثرہ علاقوں ادیمان اور ہتائی میں تعینات کیا جہاں پر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے رضاکاروں نے 12روزتک مسلسل خدمات سرانجام دینے کے بعد اپنا مشن مکمل کیا۔الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی امدادی ٹیمیں مشن مکمل کرنے کے بعداسلام آباد، کراچی اورلاہور پہنچے۔اسلام آباد ایئرپورٹ پر الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا کے صدر خالد وقاص نے خیبرپختونخوا،شمالی پنجاب اور گلگت بلتستان کے رضاکاروں کا استقبال کیا ۔اس موقع پر الخدمت گلگت بلستان کے صدر زکریا احمد ایڈووکیٹ اور اسلام آباد الخدمت کے صدر حامد اطہر اور صوبائی میڈیا منیجر نورالواحدجدون بھی موجود تھے۔ انہوں نے وطن پہنچنے پر الخدمت کے رضاکاروں کو گلدستے پیش کئے اور آزمائش کی مشکل گھڑی میں خدمت انسانیت کے لیے گراں قدرخدمات پر الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔/