اوکاڑہ یونیورسٹی میں یوم  کشمیر کے حوالے سے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد

6

رینالہ خورد،6فروری(اے پی پی):اوکاڑہ یونیورسٹی میں ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افئیرز، شعبہ انٹرنیشنل ریلیشنز اور شعبہ سیاسیات نے باہمی اشتراک سے یوم کشمیر کی مناسبت سے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا۔جس میں سیمینار، ریلی اور سگنیچر وال شامل تھے۔ شرکاء نے نعروں، تقاریر اور واک کے ذریعے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا۔

اس موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید نے بتایا کہ اساتذہ اور محققین کو چاہیے کہ وہ عملی مباحث کے ذریعے مسئلہ کشمیر کی اہمیت کو بین الاقوامی سطع پہ اجاگر کریں تاکہ بھارت پہ زور دیا جا سکے کہ وہ اس مسئلے کو اقوام متحدہ کی قرارداد کی روشنی میں حل کرنے کےلیے مثبت اقدامات کرے۔

سیمینار کے شرکاء سے بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افئیرز ڈاکٹر امجد کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنااور ان کی جدوجہد آزادی کو اجاگر کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

شعبہ انٹرنیشنل ریلیشنز کی سربراہ ڈاکٹر فاخرہ شاہد نے مسئلہ کشمیر کے حل کےلیےمثبت پالیسی سازی اور عملی اقدامات کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ شعبہ سیاسیات کے سربراہ عثمان شمیم کا کہنا تھاکہ پاکستان کو اپنے اندرونی مسائل اولین ترجیح کے طور پہ حل کرنے چائیں تا کہ مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کےلیے سنجیدہ اقدامات کیے جا سکیں۔ سیمینار  میں  ڈاکٹر شعیب سلیم، ڈاکٹر سمیرا اعجاز اورنوبہار خان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

سیمینار کے بعد کیمپس میں ایک ریلی کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ اسٹاف اور طلباء نے سگنیچر وال پہ دستخط کر کےکشمیریوں کے آئینی و قانونی حق آزادی کی آواز بلند کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ان سرگرمیوں میں انتظامی افسران، اساتذہ اور طلباء کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔