اٹک،05فروری (اے پی پی):کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے یوم کشمیر کے حوالے سے تقریب اور واک کا اہتمام کیا گیا۔ جس کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ اٹک وقار اکبر چیمہ تھے۔اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن اٹک ملک محسن عباس ،ڈی ای او سکینڈری اکرم ضیاء،سی او بلدیہ اٹک آفتاب خان،کونسل آفیسر عابد رضا خان اور مختلف شعبہء زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اورطلباء وطالبات نے شر کت کی۔
کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ضلع کونسل سے کچہری چوک تک واک کا اہتمام بھی کیا گیا۔ریلی کے شر کاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام کے حق میں نعرے درج تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ وقار اکبر چیمہ نے کہا کہ مہاراجہ ہری سنگھ نے کشمیر کا بھارت کے ساتھ غیر قانونی و غیر فطری الحاق کیا جس کے بعد بھارت نے27اکتوبر1947کو اپنی افواج کشمیر میں اتار کر یہاں پر قبضہ کر لیا۔کشمیری اس دن سے اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں جس میں اب تک پانچ لاکھ شہادتیں ہو چکی ہیں۔05 اگست2019 کو بھارت نے ظالمانہ قوانین نافذ کرتے ہوئے مقبو ضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کر دیا اور ان پر ظلم وستم کے پہاڑتوڑنا شروع کر دیئے۔ آزادی کشمیریوں کابنیادی حق ہے جو انہیں ہر صورت ملنا چائیے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو آزادی نہ دے کر انکا بنیادی حق پامال کیا جا رہا ہے جو انتہائی زیادتی ہے۔بھارتی حکومت نے کشمیریوں کے حقوق پامال کر تے ہوئے گذشتہ دو سال سے ان کی آزادی سلب کی ہوئی ہے اور ہمارے کشمیری بھائی انتہائی مشکل زندگی بسر کر نے پر مجبور ہیں۔
تقریب سے خطاب کر تے ہوئے دیگر مقررین نے کہا کہ کشمیر کی جنگ بیانیہ کی جنگ ہے اور آج پاکستان کی عوام اس جنگ میں کامیاب ہوئی ہے۔اب کشمیر کی جنگ 22 کروڑ عوام لڑ رہے ہیں اور یہ جنگ آخری سانس تک جاری رہے گی۔ مقررین نے خطاب کر تے ہوئے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بھر پو ر حمایت کا اعلان کیا۔











