کوئٹہ، 21 فروری اے پی پی ): قائم مقام سپیکر بابر موسی خیل کی زیر صدارت منعقد ہونے والے بلوچستان اسمبلی اجلاس میں پبلک سروس کمیشن بلوچستان کی سالانہ رپورٹ برائے سال 2020 پیش کی گئی۔ اجلاس کے دوران بلوچستان اسمبلی نے سینٹ آف پاکستان کی گولڈن جوبلی کی مناسبت سے خصوصی رسمی اجلاس کو ایوان میں منقعد کرانے کی تحریک بھی منظور کی گئی، تحریک پارلیمانی سیکرٹری خللیل جارج نے پیش کی، اجلاس کے دوران صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ بارکھان واقعے کی پرزور مذمت کرتے ہیں وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے واقعے کا نوٹس لیتے ھوئے جے آئی ٹی تشکیل دینے کے احکامات دئیے ہیں شفاف تحقیقات حکومت کی ذمہ داری ہے متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے گا ،صوبائی وزراء نصیب اللہ مری، میر اسد بلوچ و دیگر اراکین نے بارکھان واقعے میں 3 افراد کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اسے مذہب اور روایات کے منافی قرار دیتے ہوئے متاثرہ خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحومین کے بلند درجات کی دعا کی ۔











