بھارت کی ھندوتوا نسل پرست حکومت کشمیریوں کی نسل کشی کے منصوبے پر عمل پیرا ہے؛ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی

13

میرپورخاص،05فروری (اے پی پی):نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان  ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ بھارت کی ھندوتوا نسل پرست حکومت کشمیریوں کی نسل کشی کے منصوبے پر عمل پیرا ہے، انڈیا دنیابھر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی کرنے والا ملک ہے۔

ان خیالات کا اظہار نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے جماعت اسلامی میرپورخاص کے تحت کشمیری عوام سے یکجہتی کے حوالے سے منعقدہ یکجہتئ کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ غیر کشمیری ہندوؤں کو کشمیر میں بسا کر مسلم  آبادی کے توازن کو بدلنے کی سازش جاری ہے.انہوں نے کہا کہ حریت مرحوم سید علی گیلانی نے کشمیری مسلمانوں میں جذبہ حریت اور آزادی کی جدوجہد کرنے کے لیے عملی کردار ادا کیا۔لاکھوں کشمیری مسلمانوں کی قربانیوں ، شہادتوں اور عزت مآب بہنوں ، ماؤں کی جدوجہد نے کشمیر کو عالمی دنیا میں آزادی کا استعارہ بنا دیا ہے ۔

 ریلی سے مقامی امیر محمد رفیق چوھان ، حاجی نور الہی مغل ، ظفر اقبال مجاہد ، عرفان قریشی نے بھی خطاب کیا ۔ ریلی میں شہریوں اور جماعت اسلامی کے کارکنان سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی۔

ریلی نے شہر کی مختلف شاہراہوں، ایم اے جناح روڈ ، سول ہسپتال روڈ ، اقبال روڈ  سے گذرتی ہوئی سبزی مارکیٹ پر اختتام پذیر ہوئی ۔ شرکاء ریلی نے کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے فلک شگاف نعرے اور کشمیری عوام کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ساتھ دینے کا عزم کیا ۔