ترکیہ میں زلزلہ متاثرہ آخری شخص کی مکمل بحالی تک پاکستان کے عوام چین سے نہیں بیٹھیں گے ؛ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ترکیہ کے صدر سے ملاقات میں گفتگو

29

انقرہ۔16فروری  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام نے اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کی طرح زلزلہ کی تباہ کاریوں اور انسانی جانوں کے ضیاع کے درد اور کرب کو محسوس کیا ہے، ترکیہ میں زلزلہ متاثرہ آخری شخص کی مکمل بحالی تک پاکستان کے عوام چین سے نہیں بیٹھیں گے جبکہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کی جانب سے زلزلہ متاثرین کی مدد پر وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی۔ انقرہ میں صدارتی کمپلیکس پہنچنے پر صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ ترکیہ کے صدر کے ساتھ ملاقات اور وفود کی سطح پر ہونے والی بات چیت کے دوران وزیراعظم نے ترکیہ میں تباہ کن زلزلے کے نتیجہ میں ہزاروں قیمتی جانوں کے ضیاع اور بنیادی ڈھانچہ کو پہنچنے والے بڑے نقصان پر ترکیہ کے صدر  اور ترک قوم سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔  6 فروری  کو ترکیہ کے مختلف علاقوں  کو اس تباہ کن زلزلے نے اپنی لپیٹ میں لیا۔  پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام نے اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کی طرح ان کے درد اور کرب کو محسوس کیا ہے۔

  وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں آخری شخص کی مکمل بحالی نہیں ہو جاتی۔  صدر اردوان نے تباہ کن زلزلے کے تناظر میں ترکی کے لئے پاکستان کی ٹھوس حمایت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔  انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پرعزم ترک قوم اس قدرتی آفت سے پہلے سے زیادہ طاقت اور عزم کے ساتھ نکلے گی۔

  وزیر اعظم ترکیہ میں آنے والے شدید زلزلے کے تناظر میں ترکیہ کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی اور حمایت کے اظہار کے لئے خصوصی طور پر ترکیہ کا دورہ کر رہے ہیں۔  وزیراعظم زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کریں گے اور وہاں موجود پاکستانی ریسکیو اور ریکوری ٹیموں سے ملاقات بھی کریں گے۔  وزیر اعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک بھی ہیں۔