ملتان،17 فروری(اے پی پی ): نگران صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور پنجاب بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے کہا ہے کہ ترکیہ کے مشکل وقت میں ساتھ دینا ہمارا دینی فریضہ ہے، مخیر حضرات زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے آگے بڑھیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں دربار حضرت شاہ رکن عالم دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سرزمین مدینۃ الاولیاء میں تین مقاصد کے لئے آیا ہوں ، مزارات پر ترقیاتی کاموں کا جائزہ،شام ترکیہ کے زلزلہ متاثرہ کے لیے امداد اور رمضان کی آمد کے پیش نظر انتظامات کو بہتر بنانا مقصد ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے سیکیورٹی اور زائرین کے لئے سہولیات کا خصوصی حکم دیا ہے۔
بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے کہا کہ 8اکتوبر 2005کے زلزلہ میں ترکیہ نے ہماری بھرپور مدد کی اب ترکی کے مشکل وقت میں ساتھ دینا ہمارا دینی فریضہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں وزیر اعلیٰ نے مدد کے لئے کمیٹی تشکیل دی ہے ، مخیر حضرات زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے آگے بڑھیں۔