تھرپارکر ۔ 08 فروری (اے پی پی):ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ تھرپارکر جام فرہاد بیگ ڈھر نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی بچیوں کی تعليم پر توجہ دینے کی ضرورت ہے اور اس کی اہمیت کو تسلیم کرنا بھی بہت ضروری ہے کیونکہ ایک معتبر سماج کیلئے عورتوں کا تعلیم یافتہ ہونا اشد ضروری ہے۔* ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ضلع تھرپارکر کے پرائمری اسکول بھانانو،پرائمری اسکول فقیر سلیمان چانڈیو اور ہائی اسکول فقير سلیمان چانڈیو کا اچانک دورہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ کو ہدایت دی کہ لڑکیوں کی تعلیم پر زیادہ سے زیادہ توجہ مرکوز رکھی جائے اور اسکولوں میں لڑکیوں کی انرولمیٹ بڑھانے پر بھی کام کیا جائے کیونکہ لڑکیوں کی تعلیم سے ہی ایک بہتر اور ترقی یافتہ معاشرہ تعمیر کیا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے مذکورہ اسکولوں میں موجود سہولیات کا بھی جائزہ لیا اور اسکولوں کی صفائی ستھرائی، پینے کا صاف پانی، واش رومز اور فرنیچر کی سہولیات کا معائنہ کیا۔انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی کہ جن اسکولوں میں پینے کے صاف پانی، واش رومز کی سہولیات ضروریات کے مطابق نہیں ہیں انہیں وہاں مطلوبہ سہولیات فراہم کی جائیں، اسکولوں کی عمارتوں کو بہتر بنایا جائے اور اسکولوں کے دیگر مسائل کو بھی حل کیا جائے تاکہ طلبہ وطالبات بہتر طریقے اور یکسوئی کے ساتھ تعلیم حاصل کرسکیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ تھرپارکر جام فرہاد بیگ ڈھر نے اسکولوں کے اساتذہ اور گاؤں کے مکینوں سے بچیوں کی تعلیم کے حوالے سے اجلاس منعقد کیا اور انہیں لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے ترغیب دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ میں بچیوں کی تعلیم پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے اس لیے تھرپارکر کے اسکولوں میں لڑکیوں کی بہتر تعلیم پر توجہ دی جائے. اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر تھرپارکر سیکنڈری شمس الدين راٹھور، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پرائمری محمد بچل ہالیپوٹو، تعلقہ یجوکیشن آفیسر سیکنڈری محمد سلیم راہموں، تعلقہ ایجوکیشن آفیسر پرائمری کھنگار سنگھ اور مختیارکار کلوئی سجاد علی انصاری اور دیگر موجود تھے۔











