جوھرآباد،10 فروری( اے پی پی ):حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ خوشاب کے زیر انتظام ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کی امداد اور ان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے سرور شہید لایبریری چوک تا کالج چوک جوہرآباد تک واک کی گئی۔ واک کی قیادت ڈپٹی کمشنر خوشاب ذیشان شبیر رانا نے کی۔
واک میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)خوشاب احمد صہیب، اسسٹنٹ کمشنر خوشاب اشفاق رسول، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر امتیاز احمد مانگٹ،ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر آصف محمود قاضی، ، سی ای او ایجوکیشن،ڈی ای او سیکنڈری کے علاوہ انجمن بہبود مریضاں خوشاب،انجمن تاجران جوہرآباد،پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن،طالب علموں اور سول سوسائٹی کے لوگوں نے شرکت کی۔
واک کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر ذیشان شبیر رانا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ اور شام سے ہمارے دینی،سفارتی اور برادرانہ دیرینہ تعلقات ہیں لہٰذادکھ کی گھڑی میں ہم ان کے ساتھ ہیں اس لیے ضلع خوشاب کی عوام اور مخیر حضرات سے اپیل ہے کہ وہ وزیراعظم ریلیف فنڈ میں عطیات جمع کروائیں۔ انہوں نے سول سوسائٹی اور میڈیا ممبران سے کہا کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور اس میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ مولانارانا سلیم الرحمٰن نے ترکیہ اور شام کی عوام کیلئے خصوصی دعاکروائی۔