جو ہر آباد؛ یوم یکجہتی کشمیر پرگورنمنٹ ٹیکنیکل ماڈل ہائی سکول میں ریلی اور تقریب کا انعقاد

61

جوہر آباد، 05 فروری (اے پی پی):کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور مظلوم کشمیریوں پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ کے خلاف یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر گورنمنٹ ٹیکنیکل ماڈل ہائی سکول جوہرآباد میں ملی جوش وجذبہ کے ساتھ ایک ریلی اور سادہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) خوشاب ڈاکٹر محمد حسان طارق اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) احمد صہیب نے کی۔

ریلی میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسکیو 1122،سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ،ہیلتھ و دیگر محکمہ جات ،سکول کے طالب علموں ، اساتذہ اکرام اور سول سوسائٹی کے لوگوں نے شرکت کی ۔  ریلی گورنمنٹ ٹیکنیکل ماڈل ہائی سکول سے شروع ہو کر ڈی ایچ کیو ہسپتال اور اقبال میڈیکل کمپلیکس چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔

ریلی کے شرکاء نے کشمیری بھائیوں کے حق میں نعروں پر مشتمل بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے اور کشمیر کے حق میں فلک شگاف نعرے بھی لگا رہے تھے ۔

بعدازاں گورنمنٹ ٹیکنیکل ماڈل ہائی سکول جوہرآباد کے ہال میں ایک تقریب کا انعقاد ہوا۔ تقریب میں اے ڈی سے آ ر ڈاکٹر محمد حسان طارق ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اسحاق اعوان اور طالب علموں نے کشمیریوں کی آزادی کے بارے تقا ریر کیں۔

تقریب میں طالب علموں نے پر سوز ملی نغمہ بھی گایا۔ تقریب  کے اختتام پر پاکستان کی سالمیت ، ترقی اور کشمیر کی آزادی کی خصوصی دعائیں بھی کیں۔

 سوشل ویلفیئر کمپلیکس میں کشمیریوں کی آزادی اور کشمیریوں پر ظلم وبربریت کے بارے تصاویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

 یوم  یکجہتی کشمیر کے موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی خوشاب کی طرف سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت  ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر خوشاب ڈاکٹر راؤ گلزار یوسف  نے کی۔ سیمینار میں کشمیریوں کے حق میں اظہار یکجہتی کیا گیا۔ سیمینار میں محکمہ صحت کے ملازمین کے علاوہ دیگر سوسائٹی کے لوگوں نے شرکت کی ۔سیمینار کے بعد واک کا اہتمام بھی کیا گیا۔