رینالہ خورد، 22 فروری (اے پی پی): سکول کونسل کے زیراہتمام ڈسٹرکٹ پبلک سکول میں منشیات اور ڈرگ کے تدراک اور انسداد کے لئے آگاہی سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس کی سربراہی پرنسپل طاہرہ مسعود نے کی ۔
سیمینار میں اسسٹنٹ پروفیسر اوکاڑہ یونیورسٹی ڈاکٹر حیات اللہ نے طلباء و طالبات کو منشیات کے استعمال کرنے سے پیدا ہونے والی بیماریوں اور پیچیدگیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں نے ملک کی باگ دوڑ سنبھالنی ہوتی ہے اس لیے ان کا صحت مند اور تندرست ہونا ضروری ہے،صحت مند جسم ہی صحت مند دماغ کی عکاسی کرتا ہے، صحت مند معاشرے کے لیے منشیات کوجڑسے اکھاڑ پھینکنا اورنوجوان نسل کو منشیات کے استعمال سے روکنا ضروری ہو گیا ہے۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئےپرنسپل ادارہ ہذا طاہرہ مسعود نے محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے وضع کردہ پالیسی ڈرگ کنٹرول اور ممنوعہ اشیاء اوراس پالیسی کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔ طاہرہ مسعود نے تمام شرکاء کونسل اوروالدین کو بتایا گیا کہ نشہ کی لعنت اب معاشرے سے ہوتے ہوتے تعلیمی اداروں تک آپہنچی ہے جس کا سدباب کیاجانا ازحد ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ منشیات فروش اپنے مفاد کے لیے ہمارے معصوم بچوں اور نوجوانوں کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں جن کا تدارک کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
پرنسپل طاہرہ مسعود نے والدین کو متنبہ کیا کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پرنظررکھیں، سکول کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ ادارہ ہذا کے تمام سیکشنز، کینٹین، مین گیٹ اوراس کے گردونواح پرخصوصی توجہ دی جائیگی اوراس کے لیے سپیشل سیکورٹی گارڈز تعینات کیے گئے ہیں۔ اس بابت اگر کوئی منشیات فروشی یاڈرگ کی شکایات یا معلومات حاصل ہوں گی تو اس کو سپیشل برانچ، پولیس اورمتعلقہ اداروں کو اطلاع دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب اپنے بچوں اور ارد گرد کے نوجوانوں کو نشہ اور ڈرگ کی لعنت سے بچانے کے لیے اپنا بھر پور کر دار ادا کریں گے۔
سیمینار میں ہیلتھ نیوٹریشن آفیسر تحصیل رینالہ خورد راؤ عبدل منعمنے خصوصی طور پر شرکت کی۔