سکھر،05فروری(اے پی پی):پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمدثروت اعجاز قادری کی ہدایات پر سندھ کے دیگر شہروں کی طرح پی ایس ٹی کے زیر اہتمام دفائے پاکستان و کشمیر یکجہتی ریلی میرمعصوم شاہ ٹکرسے نکالی گئی جومختلف شاہراورں سے ہوتی ہوئی ڈولفن چوک پراختتام پذیرہوئی۔ کارکنان نے ہاتھوں میں کشمیری مسلمانوں سے یکجہتی اور افواج پاکستان سے اظہار محبت کیلئے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔
ریلی کی قیادت پاکستان سنی تحریک صوبہ سندھ کے صدر علامہ نور احمد قاسمی کررہے تھے جبکہ ریلی میں پی ایس ٹی رہنما محمد رضوان قادری، اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن، عبدالباری انصاری دیگر شامل تھے۔
شرکاءریلی سے خطاب کرتے ہوئے مولانا نور احمد قاسمی و دیگر کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیر میں بے گناہ کشمیری مسلمانوں پر مظالم ڈھا رہا ہے لیکن افسوس عالمی برادری کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ، پاکستان کی عوام اپنے کشمیری مسلمان بھائیوں کیساتھ ہے ،وطن عزیز کی سرحدوں کی حفاظت افواج پاکستان کے مضبوط ہاتھوں میں ہے اور پاکستان کی افواج اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام اپنی افواج پاکستان کیساتھ وطن عزیز کی حفاظت کیلئے انکے شانہ بشانہ کھڑی ہے، کشمیر میں بھارتی مسلمانوں کیساتھ ظلم حد سے بڑھ گیا ہے لیکن اقوام متحدہ سمیت دیگر مسلم ممالک کے سربراہان کشمیر یوں پر جاری بھارتی جارحیت کے خلاف آواز اٹھانے کے بجائے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں جو سراسر ظلم ہے۔
شرکاءریلی نے بالا حکام سے کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لیکر کشمیری مسلمانوں کو بھارت کے مظالم سے نجات دلانے میں اپنا کردار ادا کرنے کا پرزور مطالبہ کیا اور اختتام دعا کی گئی۔