سکھر: محکمہ انسانی حقوق اور سماجی تنظیم کے اشتراک سے ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد

14

سکھر۔22فروری (اے پی پی): انسانی حقوق کو اجاگر کرنے، عوام کو آگاہی فراہم کرنے کے لئے محکمہ انسانی حقوق حکومت سندھ اور سماجی تنظیم سینٹر فار میڈیا ڈویلپمنٹ کے اشتراک سے سکھر پریس کلب میں ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ”انسانی حقوق کو کیسے اجاگر کیا جائے، میڈیا کا کردار اہم ہے کے عنوان سے منعقدہ ورکشاپ میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے فنانس سیکریٹری لالہ اسد پٹھان، سکھر پریس کلب کے صدر چوہدری محمد ارشاد گوندل، ہیومن رائٹس کے ڈپٹی ڈائریکٹر اعجاز اکبر جمالی، سینئر صحافی قاضی آصف ودیگر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

 پروگرام آرگنائزر مادام سحرش کھوکھر ودیگر نے صحافیوں کو تربیت فراہم کی۔ اس موقع پر مقررین نے کہاکہ ہم اپنے چھوٹے سے عمل کے ذریعے معاشرے میں بڑی تبدیلی لاسکتے ہیں، ورکشاپ کا مقصد انسانی حقوق کو فروغ دینا ہے، ذہنی پسماندگی کو دور کرنے کی اشد ضرورت ہے، میڈیا انسانی حقوق کے مسائل کے بارے میں بیداری پیدا کرسکتا ہے، خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرسکتا ہے، لوگوں کو کارروائی کے لئے بااختیار بناسکتا ہے۔ عام شخص کو معلوم نہیں کہ اس کے حقوق کیا ہے؟ جب اسے حقوق کے متعلق معلوم ہی نہیں تو پھر وہ اپنے حق کے لئے کیسے لڑے گا؟ یہ ذہنی پسماندگی ہے، جسے دور کرنے کی اشد ترین ضرورت ہے، آئین پاکستان لوگوں کو ان کے حقوق دیتا ہے، نچلی سطح پر لوگوں کو ان کے حقوق کے متعلق کے آگاہی دی جائے، انہیں بتایا جائے کہ اگر کوئی شخص ان کے ساتھ ناانصافی یا برا سلوک کرتا ہے تو پھر وہ اس کیخلاف کس طرح قانونی کارروائی کرسکتے ہیں اور کس طرح اپنا حق حاصل کرسکتے ہیں۔

اس موقع پر سکھر یونین آف جرنلسٹس کے صدر امداد بوزدار ودیگر نے مسائل بالخصوص انسانی حقوق کو اجاگر کرنے کے حوالے سے صحافیوں کو درپیش مسائل کا ذکر بھی کیا جبکہ صحافیوں کو رائٹ آف انفارمیشن یعنی جاننے کے حق کے متعلق بھی تفصیلی معلومات فراہم کی گئی۔ پروگرام کے اختتام پر تربیت حاصل کرنیوالے صحافیوں میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔