فیصل آباد۔27فروری (اے پی پی):صدر انجمن تاجران فیصل آباد شاہد رزاق سکا نے کہا ہے کہ فیصل آبا د میں کسی قسم کی ہڑتال کی کال نہیں دی گئی۔انہوں نے اے پی پی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ انجمن تاجران نے 28 فروری کو ہڑتال کا اعلان نہیں کیا ا ور نہ ہی آج ہڑتال کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ تحریک لبیک پاکستان زبر دستی دکانیں بند کروا رہی ہے اور سوشل میڈیا پر بھی کچھ شر پسند عناصر ہمارے نام کی پوسٹیں لگا رہے ہیں کہ ہم نے کوئی ہڑتال کا اعلان کیا ہے، جن سے انجمن تاجران فیصل آباد کا دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہے اور ہم فیصل آباد میں 28 فروری کو کسی بھی قسم کی ہڑتال کے اعلان کی تردید کرتے ہیں۔شاہد رزاق سکا نے کہا کہ گزشتہ ہفتہ کو وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر اور کمشنر فیصل آباد نے وعدہ کیا تھا کہ ا نتظامیہ تاجروں کا تحفظ کرے گی مگر آج پولیس کے سامنے دکانیں اور کاروبار زبر دستی بند کرائے جا رہے ہیں مگر پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا جب ڈنڈا بردار دکانداروں پر دکانیں بند کروانے کیلئے آئیں گے تو دکاندار کسی بھی تصادم اور جھگڑے سے بچنے کیلئے دکانیں بند ہی کریں گے۔صدر انجمن تاجران نے بتایا کہ تاجر ہڑتال کے متحمل نہیں ہو سکتے کیونکہ کاروباری حالات بہت خراب ہیں اور عوام پہلے ہی فاقوں پر مجبور ہیں۔شاہد رزاق سکا نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ٹی ایل پی سے ہڑتال کے حوالے سے میرے ساتھ کوئی مشاورت نہیں ہوئی اور نہ ہی لبیک والوں نے اس سلسلے میں مجھ سے کوئی رابطہ کیا ہے۔ شہر میں ہڑتال ہے یا نہیں کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ گھنٹہ گھر کے آٹھوں بازاروں میں زبر دستی دکانیں بند کروائی گئیں جبکہ پریس مارکیٹ اور دیگر شہر کی مارکیٹیں مکمل طور پر کھلی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہول سیل مارکیٹوں میں پچاس فیصد دکانیں کھلی ہیں۔صدر انجمن تاجران نے کہا کہ تاجر حکومت سے کوئی مراعات نہیں لینا چاہتے صرف یہ چاہتے ہیں کہ بلا تعطل کاروبار کرنے دیا جائے تاکہ مزدور بے روزگار نہ ہوں ۔