مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے 58 ہندو یاتری  پاکستان پہنچ گئے

26

لاہور،16فروری(اے پی پی):مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے 58  ہندو یاتری پاکستان پہنچ گئے ہیں ۔ترجمان متروکہ وقف املاک بورڈ کے مطابق کٹاس راج مندر پنجاب میں مہا شیو راتری کی 18  فروری کو منعقد ہونے والی تقریبات میں شرکت کے لیے 58  ہندوستانی ہندو یاتری جمعرات کے روز واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستان پہنچے۔

ایڈیشنل سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ رانا شاہد اور چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ حبیب الرحمان گیلانی  نے سابق بھارتی وزیر کرن دیو کمبروج کی قیادت میں پاکستان آنے والے بھارتی یاتریوں کا استقبال کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ رانا شاہد  نے کہا کہ میں پاکستانی حکومت کی جانب سے نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری دنیا سے پاکستان آنے والے یاتریوں کو خوش آمدید کہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ یاتری لاہور میں ایک دن گزاریں گے اور پھر کٹاس راج مندر کے لیے روانہ ہوں گے جہاں ہفتہ کو ان کی مرکزی تقریبات منعقد ہوں گی۔7  روزہ  دورے کے بعد ہندو یاتری 22  فروری کو ہندوستان واپس  روانہ ہو جائیں گے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بھارتی یاتریوں کے وفد کے سربراہ کرن دیو کمبروج  نے کہا کہ شیو راتری کا مرکزی جشن 18  فروری ہفتہ کو کٹاس راج مندر میں دیپ مالا اور آتش بازی کے ساتھ منایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 19  فروری کو زائرین کٹاس راج سے لاہور واپس آئیں گے اور 20  فروری کو کرشنا مندر راوی روڈ اور دیگر سمیت مختلف مذہبی مقامات کا دورہ کریں گے۔

 وفد کے دیگر ارکان نے پاکستان پہنچنے پر انتہائی خوشی اور مسرت کا اظہار کیا۔انہوں نے یاتریوں کے لیے پاکستانی حکومت کی جانب سے  سہولت کے لیے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔