ملتان، 05 فروری(اے پی پی ): بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیری بھائیوں کے حق میں یوم کشمیر پر شہر اولیاء کی فضاء یکجہتی کشمیر کے نعروں سے گونجتی رہی۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں مرکزی آگاہی ریلی و سمینار کا انعقاد کیا گیا۔
کمشنر ملتان ڈویژن عامر خٹک کی قیادت میں چوک کچہری تک شاندار ریلی نکالی گئی ۔ریلی میں ضلعی افسران،سول سوسائٹی اور تجار برادری نے کشمیر ریلی میں بھرپور شرکت کی اور کشمیری بھائیوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا۔
سیمینار و ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ملتان عامر خٹک نے کہا کہ بھارت طاقت کے بل بوتے پر آج تک کشمیریوں کا ناحق خون بہارہا ہے لیکن پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
عامر خٹک نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر پر ہم اقوام متحدہ سے بھارتی مظالم پر نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر ہر پاکستانی دکھی ہے۔ یہ بات نوشتہ دیوار ہے کہ ظلم اور جبر کے ذریعے کشمیریوں کی آزادی کا حق نہیں چھینا جاسکتا۔
کمشنر ملتان نے مزید کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد مقبوضہ کشمیر یوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کو اجاگر کرنا ہے، پوری دنیا مسئلہ کشمیر کو انسانیت کی آنکھ سے دیکھے جبکہ آزادی کشمیریوں کا حق ہے ۔مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے جابرانہ تسلط کے خاتمہ تک جدوجہد جاری رہے گی جبکہ کشمیریوں کی ہرسطح پر ہر لحاظ سے حمایت جاری ر کھیں گے۔
بعد ازاں سیمینار میں ملکی سلامتی اور کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعا بھی کرائی گئی جبکہ ریلی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رضوان نذیر،اے ڈی سی جی ارم شہزادی اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی ناصر شہزاد ڈوگر بھی شریک ہوئے۔