ملتان، 22 فروری(اے پی پی ):ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ڈاریکٹریٹ آف کالجز پنجاب کے زیر اہتمام سپورٹس اینڈ یوتھ افیئر ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے تعاون سے منعقد ہونے والے انٹر کالجیٹ سپورٹس گیمز کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگیا ہے۔
اس سلسلہ میں افتتاحی تقریب گریجویٹ کالج آف سائنس ملتان میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی چیئرمین تعلیمی بورڈ ملتان حافظ محمد قاسم تھے۔ان کے ہمراہ رانا ندیم انجم ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان ڈاکٹر عظیم قریشی ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ملتان آفتاب انصاری پرنسپل سائنس کالج اسسٹنٹ ڈاریکٹر محمد عدنان غلام فرید ڈائریکٹر سپورٹس بی زیڈ یو ترس محی الدین بھی موجود تھے۔
رانا ندیم انجم نے کہا کہ کالجز کے طلباء اور طالبات کے لیے ایک شاندار ایونٹ کا انعقاد آج سے ہورہا ہے۔ جس میں ان کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار میں آسانی ہوگی۔ ڈاکٹر عظیم قریشی نے کہا کہ ڈسڑکٹ کے بعد ڈویژن کی سطح پر مقابلوں کے انعقاد کرنے کا مقصد کھلاڑیوں کو بہتر ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ ان کی بہتر نشوونما ہوسکے۔
مہمان خصوصی حافظ محمد قاسم نے کہا کہ کسی بھی ملک کے میدان آباد ہوں تو ان کےہسپتال ویران ہوجاتے ہیں،آج کسی بھی ہسپتال میں چلےجاؤ بہت رش ملتا ہے کیونکہ ہم لوگوں نے اپنے آپ کو کھیلوں سے دور کرلیا ہے۔انہوں نے کہا کہجوان نسل کو موبائل کی لت سے بچانے کیلئے انٹر کالجیٹ سپورٹس ایونٹ کا انعقاد ایک اچھی کاوش ہے۔