ملتان؛ ایڈیشنل آئی جی  پولیس مقصود الحسن کا  شکایت سیلز  کے زیر التوا ء درخواستوں کو فوری نمٹانے کی ہدایت

19

ملتان،09 فروری(اے پی پی ):ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس مقصود الحسن کا جنوبی پنجاب کے ریجنل اور ضلعی شکایت سیلز انچارجز سے اجلاس،زیر التوا ء درخواستوں کا جائزہ لیا اور تمام معاملات فوری نمٹانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تھانہ کی سطح پر عوام الناس کے مسائل کے حل کو فروغ دیا جا رہا ہے رویوں کی بہتری اور عوامی مسائل کے حل سے احساس تحفظ کی فضاء برقرار ہو گی۔

 ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ دفاتر میں سائلین سے عزت و تکریم سے پیش اور انکے مسائل کے فوری حل کیلئے تحرک کو شعار بنائیں، پولیس کے وقار کو بلند کرنے کے لیے ایمانداری، حوصلہ اور محنت سے کام کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے انچارجز کو سختی سے ہدایت کی کہ 1787اور پی ایم ڈی یو پورٹلز پر رسپانس اور ریکارڈ کی تکمیل بروقت یقینی بنائی جائے، شکایت کنندگان کے مسائل کے حل کے لیے ٹیکنالوجی سے استفادہ لیا جائے اور فوری رپورٹس کے لیے واٹس ایپ اور دیگر ایپلیکیشنز استعمال کی جائیں۔

ایڈیشنل آئی جی نے کہا پولیس کا کام مثبت پولیسنگ اور شہریوں کے استفادہ کیلئے فوری اقدامات کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب کی ہدایت کے مطابق شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی کیلئے ضلع اور ریجن لیول پر انفارمیشن سسٹم کو مزید مربوط کیا جائے۔

ایس پی لیگل حاکم نول نے تمام اضلاع کی شکایتوں بارے فرداً فرداً تفصیل اور پینڈنگ درخواستوں سے متعلق وجوہات دریافت کیں۔