ملتان، یکم فروری (اے پی پی ): نئے تعینات کمشنر انجینئر عامر خٹک نے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔کمشنر آفس پہنچنے پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نےنئے تعینات کمشنر انجینئر عامر خٹک کو سلامی دی۔
اس موقع پر عامر خٹک نے کہا شہر اولیاء سے جذباتی وابستگی ہے،دوبارہ تعیناتی پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ حکومت پنجاب نے ملتان ڈویژن کی ترقی کا ٹاسک سونپا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اولیاء کرام کی دھرتی میں تعیناتی اعزاز کا باعث ہے جبکہ ملتان ڈویژن کے باسیوں کی خدمت کرنے کا عزم لیکر عہدہ سنبھالا ہے۔
کمشنر انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ ڈویژن کے مسائل سے بخوبی آگاہ، حل بارے عملی اقدامات کروں گا۔انہوں نے کہا کہ کمشنر آفس کے دروازے جائز کاموں کیلئے ہر خاص و عام کیلئے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوپن ڈور پالیسی کے تحت میرٹ پر شہریوں کے مسائل حل کرنا ترجیح ہے۔
انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ کرپشن اور سرخ فیتہ کلچر کے خاتمے کی لئے مثالی اقدامات کریں گے، ڈویژن میں مثالی صفائی،بیوٹیفکیشن پر کام کیا جائے گا اور انفراسٹرکچر کی بحالی ،صحت و تعلیم پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔