ملتان،05 فروری(اے پی پی ):ملک بھر کی طرح ڈویژنل سپریٹینڈنٹ آفس ریلوے ملتان سمیت ڈویژن بھر کے ریلوے سٹیشنوں پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر ملتان کینٹ اسٹیشن پر ڈی ٹی او سعید احمد کی سربراہی میں ریلوے ملازمین کے ساتھ ساتھ قلیوں نے بھی کشمیر کے حوالے سے ریلی نکالی اور ریلوے اسٹیشن ملتان پر ایل ای ڈی لگا کر کشمیر کے حوالے سے ویڈیو بھی چلائی گئی۔
قبل ازیں ریلوے ملتان ڈویژن کے مختلف سٹیشنوں کو کشمیریوں کے جذبات کی ترجمانی کرتے بینر ، فلیکسز کشمیری و پاکستانی جھنڈوں کے علاوہ سٹیمرز سے سجایا گیا،اس موقع پر ملتان ، خانیوال ، بہاولپور ، ساہیوال ، ڈویژنل سپریٹینڈنٹ آفس اور دیگر سٹیشنوں کو کشمیریوں سے یکجہتی اور اظہار عقیدت میں خصوصی طور پر جوش و جذبے سے سجایا گیا۔
کشمیریوں کی آزادی، حق خودارادیت کیلئے جاری جدوجہد کے حوالے سے ڈویژنل سپریٹینڈنٹ ریلوے حماد حسن مرزا نے اپنے پیغام میں کہا ہےکہ کشمیریوں کی جدوجہد رنگ لائے گی اور ان شاءاللہ ایک دن کشمیریوں کی آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔ اپنے پیغام میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ریلوے ملتان ڈویژن کی جانب سے ہم کشمیریوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔