ملتان 27 فروری( اےپی پی): انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ذاتی کاوشوں سے پولیس اور ایسپائر سکول و کالجز کے مابین ایم او یو پر دستخط کےبعد سب سے پہلے ملتان ریجن وہاڑی , خانیوال اور لودھراں میں ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) محمد سہیل چودھری کی ہدایت پر ایسپائر سکول و کالجز کی انتظامیہ کے ساتھ میٹنگ منعقد کی گئی ۔ جس کے تحت پولیس افسران و ملازمین کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے فیسوں میں خاطر خواہ رعایت دی گئی ہے۔ یادداشت کے مطابق شہداء پولیس کے بچوں کےلئے فری تعلیم کے علاؤہ یونیفارم اور کتابیں بھی فری مہیا کی جائیں گی ۔ اسی طرح حاضر سروس اور ریٹائرڈ پولیس ملازمین کے بچوں کو 50 فیصد رعایت کے ساتھ ساتھ یونیفارم اور کتابوں پر بھی 50 فیصد رعایت دی گئی ہے ۔
اس موقع پر آ ر پی او کا کہنا تھا کہ ملتان ریجن میں پولیس افسران و ملازمین کے بچوں کے لیے اعلیٰ تعلیم کا حصول آ سان بنایا جا رہا ہے۔ جس کا مقصد پولیس افسران و ملازمین کے بچوں کی ویلفیئر اور ان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس یادداشت کا اطلاق فوری طور پر ملتان، وہاڑی ، خانیوال اور لودھراں کے ایسپائر سکول و کالجز میں کر دیا گیا ہے۔ پولیس افسران و ملازمین کے بچے اس سہولت سے فائدہ
اٹھائیں ۔