نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس، ہسپتالوں میں پیشنٹ مینجمنٹ سسٹم کے نفاذکا جائزہ لیا

20

لاہور۔1فروری  (اے پی پی):نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کو پیپر لیس کرنے کیلئے ”پیشنٹ مینجمنٹ سسٹم ”کے نفاذ کی تجویز کاجائزہ لیا گیا۔ چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے ”پیشنٹ مینجمنٹ سسٹم ”کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ابتدائی طورپر پنجاب کے 15 بڑے ہسپتالوں میں ”پیشنٹ مینجمنٹ سسٹم ”نافذ کیاجائے گا۔ ہسپتالوں کی ایمرجنسی، گائنی، آئوٹ ڈور اور فارمیسی ”پیشنٹ مینجمنٹ سسٹم ” سے منسلک ہوگی۔ ”پیشنٹ مینجمنٹ سسٹم ” میں مربوط نظام کے تحت مریضوں کا ڈیٹا ہر سرکاری ہسپتال میں میسرہوگا۔ مریض کی آمد ،علاج کے آغاز، ٹیسٹ،پروسیجر اور دیگر تفصیلات ”پیشنٹ مینجمنٹ سسٹم ”پر موجود ہوں گی۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ”پیشنٹ مینجمنٹ سسٹم ” کے نفاذ کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں میں”پیشنٹ مینجمنٹ سسٹم ” سے مریضوں اور ڈاکٹروں کو سہولت ہوگی۔ پیپر لیس مربوط نظام کے تحت مریض کسی بھی سرکاری ہسپتال میں علاج کرا سکے گا۔ دل کے مریضوں کے فوری یقینی علاج کیلئے پرائمری پی سی آئی مانیٹرنگ سسٹم بھی وضع کیا جائے گا۔ پرائمری پی سی آئی مانیٹرنگ سسٹم سے دل کے مریض کی آمد ،علاج اور پروسیجر کاجائزہ لیاجائے گا۔معروف صنعتکار گوہر اعجاز ، صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جاوید اکرم، صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔